پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹر نیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ ڈائریکٹرز کے عہدے ختم کر دیئے

منگل 8 ستمبر 2015 13:11

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹر نیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ ڈائریکٹرز کے عہدے ختم کر دیئے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے رائٹ سائزنگ کے پہلے مرحلے میں بڑا قدم اٹھاتے ہوئے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ ڈائریکٹرز کے عہدے ختم کر دئیے ‘امکان ہے پی سی بی اگلے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر ملازمین اور بورڈ کے غیر فعال ریڈیو سٹیشن میں کام کرنے والوں کو جامع چھان بین کے بعد رخصت کر دے گا۔

پی سی بی چیئرمین شہر یار خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملازمین کی چھانٹی جلد بازی میں نہیں بلکہ مرحلہ وار ہو گی۔بورڈ نے جنرل مینیجرز کے ذریعے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ کے محکموں کو چلانے اور لوڈ کم کرنے کیلئے مختلف محکموں کو ضم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔شہر یار نے بتایا کہ اِ س وقت پی سی بی سیٹ اپ میں نو ڈائریکٹرز کام کررہے ہیں اور چیف آپریٹنگ افسر کا سب سے مسلسل رابطہ رکھنا بہت مشکل ہے ‘ ایسی صورت میں ڈائریکٹرز کی تعداد میں بتدریج کمی لائے جائیگی۔

(جاری ہے)

بورڈ کے فیصلے سے ڈومیسٹک ڈائریکٹر انتخاب عالم اور انٹرنیشنل ڈائریکٹر ذاکر خان اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔جب شہریار سے پوچھا گیا کہ غیر کرکٹ امور سنبھالنے والے سات دیگر محکموں کے بجائے براہ راست کرکٹ کی ذمہ داریاں دیکھنے والے ان دونوں محکموں کوپہلے کیوں ختم کیا گیا ؟ تو انہوں نے کہا کہ ایک طویل مدتی پالیسی کے تحت مرحلہ وار دوسرے محکموں کی چھان بین کے بعد طے کیا جائیگا کہ کس محکمے کے ڈائریکٹر کے کام کرتے رہنے کی ضرورت ہے۔

ہم نے محکمہ اسٹیٹ کو ہیومن ریسورس محکمہ میں ضم کرنے کے بعد ایک مینیجر کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے علاوہ بورڈ نے اپنا ریڈیو سٹیشن شروع کرنے کا منصوبہ ترک کیا جس کے بعد اس محکمے کا تمام عملے برخاست ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ساٹھ سال سے زائد عمر آٹھ سے دس غیر ضروری ملازمین کو گھر بھیج دیا جائیگا۔پی سی بی بورڈ کے سربراہ نے واضح کیا کہ وہ کوئی کام جلد بازی میں نہیں کر رہے اور پورا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائیگا۔

شہر یار نے انتخاب اور ذاکر کے مستقبل کے حوالے سے بتایا کہ انہیں دوسرے موضوں عہدوں پر تعینات کیا جا سکتا ہے۔انتخاب عالم بہت سینئر کرکٹراور پی سی بی کے ملازم ہیں ہم انہیں کوئی دوسری اہم ذمہ داری سونپیں گے تاہم فی الحال میں اس معاملے پر مزید کچھ نہیں کہہ سکتا ۔چیئرمین نے تسلیم کیا کہ دو افراد کا کوٹہ ہونے کے باوجود بورڈ آف گورنرز میں کوئی کرکٹر موجود نہیں ‘تاہم اس حوالے سے ایک آئینی ترمیم کی ضرورت ہے ، جس میں وقت لگ سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں