اتحاد تنظیمات مدارس کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کی غیر مشروط حمایت خوش آئند ہے، وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس میں مدارس کے حوالے سے کیا جانے والا اظہار خیال غلط فہمیوں کے خاتمے میں مدد دے گا، مجلس صوت الاسلام پاکستان نے اپنے اداروں اور تربیتی مراکز میں دینی وعصری علوم کا حسین امتزاج قائم کیا ہے

چیئرمین مجلس صوت الاسلام پاکستان کاحکومت مدارس مذاکرات پرردعمل کا اظہار

منگل 8 ستمبر 2015 18:42

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء ) مجلس صوت الاسلام پاکستان کے چیئرمین مفتی ابوہریرہ محی الدین نے کہاہے کہ اتحاد تنظیمات مدارس کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کی غیر مشروط حمایت خوش آئند ہے، وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس میں مدارس کے حوالے سے کیا جانے والا اظہار خیال غلط فہمیوں کے خاتمے میں مدد دے گا،جو مدارس انتہا پسندی اور دہشت گردی میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مجلس صوت الاسلام پاکستان نے اپنے اداروں اور تربیتی مراکز میں دینی وعصری علوم کا حسین امتزاج قائم کیا ہے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت اور اتحاد تنظیمات مدارس کے اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن اور نصاب میں ضروری اصلاحات پر اتفاق پر انہوں اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طے پانے والے تمام امور کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مجلس صوت الاسلام پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جو پالیسی آج سے پندرہ سال پہلے اختیار کی تھی آج تمام مدارس تنظیمات اور علماء کرام نے اس پالیسی کو درست ثابت کردیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے قیام کے وقت ہم نے اسے ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے ناگزیر قرار دیا تھاتاہم بعض طبقات کی جانب سے اس کی بھرپور مزاحمت کی گئی مگروقت نے ہمارے موقف کی تائید کردی ،انہوں نے مذہبی طبقے کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کی حمایت کوخوش آئند قراردیا اور کہا کہ مجلس صوت الاسلام پاکستان اپنے مراکز میں جدید ترین عصری تعلیم اور جدید تعلیم کے جدید ذرائع اختیار کرکے نوجوان نسل کی عمدہ خطوط پر تربیت کو اپنا فرض سمجھتی ہے۔

مفتی ابوہریرہ محی الدین نے کہا کہ مجلس صوت الاسلام کے تحت چاروں صوبوں میں خطباء کرام اور علماء کرام کے لئے تربیتی کورسز منعقد ہوتے ہیں جن میں ان نوجوان عالم دین کو اصلاح معاشرہ کے تقاضوں سے روشناس کرایا جاتا اور انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف ان کی ذہن سازی کی جاتی ہے اور اصلاح معاشرہ میں منبر ومحراب کے کردار کی اہمیت اجاگر کی جاتی ہے۔

مفتی ابوہریرہ محی الدین نے مزید کہا کہ نوجوان علماء وطلباء کو ایک سالہ ’’تربیت علماء کورس‘‘ اور تربیت خطباء کورس کے ذریعے جدید عصری علوم، کمپیوٹر کورسز، انگلش وعربی لینگویج کورسز اور صحافت کورسز کے ذریعے معاشرے کا کارآمد ترین فرد بنایا جاتا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ پاکستانی افواج وطن عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تاریخی کردار ادا کررہی ہے۔ دینی مدارس اور مذہبی طبقہ ان کی مکمل حمایت کرتا ہے اور ضرب عضب کی کامیابی کیلئے دعا گو ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں