آرمی چیف کے بھارت کو بے باک انتباہ سے قوم کے حوصلے بلند ہوئے اور عوام کے احساس تحفظ میں اضافہ ہوا ہے، پڑوس میں جب سے متعصب ہندو جماعت بی جے پی بر سر اقتدار آئی ، بھارت مسلسل پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے ، آئے روز کنٹرول لائن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے

مسلم لیگ ( ن ) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجرکا بیان

منگل 8 ستمبر 2015 22:27

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء ) مسلم لیگ ( ن ) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے بھارت کو بے باک انتباہ سے قوم کے حوصلے بلند ہوئے اور عوام کے احساس تحفظ میں اضافہ ہوا ہے، پڑوس میں جب سے متعصب ہندو جماعت بی جے پی بر سر اقتدار آئی ، بھارت مسلسل پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے ، آئے روز کنٹرول لائن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، وزیر اعظم اورآرمی چیف کی ایک ہی للکار نے دشمن کے اوسان خطا کر دئیے، اس کی گھگھی بندھ گئی ہے اور اب اسے جیسے سانپ سونگھ گیا ہے۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں علی اکبر گجر نے کہا کہ سب نے دیکھ لیا کہ عوام کی منتخب قیادت ملک کی زمینی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع سے غافل نہیں ہے، اسے معلوم ہے کہ اندرونی، بیرونی محاذوں پر کیا مسائل ہیں اور کون ہے جو پاکستان میں امن اور ترقی کے حق میں نہیں ہے اور اس دشمن کے ساتھ کیا طرز عمل اختیار کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

علی اکبر گجر نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) کی قیادت اور حکومت کو علم ہے کہ جارحیت پسند بھارت کون سی زبان سمجھتا ہے۔

بھارت کو اگر اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے تو صحیح رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی میز سے بھاگنے کے بعد بھارتی اشرافیہ کا خیال تھا کہ وہ ڈرا دھمکا کر پاکستان کو مذاکرات کی بھیک پر مجبور کر دے گی اور من مانے نتائج حاصل کر لے گی لیکن پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے مکار اور عیار دشمن کی چال میں آئے بغیر اسے ایسا پیغام دیا ہے کہ اسے خاموشی اور پسپائی اختیار کرنے میں ہی عافیت محسوس ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت بننے کے بعد پاکستان اور پاکستانی اب بکاؤ مال نہیں رہے کہ کوئی بھی انہیں اپنا زر خرید غلام سمجھ بیٹھے اور ان کا سودا کرتا پھرے، مسلم لیگ کی قیادت نے پاکستان کو ایک بار پھر آزاد، خود مختیار اور غیرت مند قوم اور ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے جس کا کریڈٹ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں