اسلام آباد، بو ٹ مافیا نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نظر انداز کر دیا ،راول ڈیم میں موٹر بوٹس چلانے کا غیر قانونی کاروبار عروج پر پہنچ گیا

بدھ 9 ستمبر 2015 11:59

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) بو ٹ مافیا نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نظر انداز کر دیا ،راول ڈیم میں آلودگی کا سبب بننے والی موٹر بوٹس دوبارہ چلنا شروع ہو گئی ہیں۔سپریم کورٹ نے راول ڈیم میں آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے ڈیم میں موٹر بوٹس بند کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔سپریم کورٹ کے حکم کوپس پشت ڈالتے ہوئے اب دوبارہ بوٹ مافیا متحرک ہو گیا ہے اور راول ڈیم میں موٹر بوٹس چلانے کا غیر قانونی کاروبار عروج پر ہے۔

ذرائع کے مطابق موٹر بوٹس فافیا کو پارک انتظامیہ کی بھی مکمل سرپرستی حاصل ہے جس کے باعث کشتی مافیا نے راول ڈیم میں حفاظت کیلئے نصب لوہے کی گرل کو جگہ جگہ سے کاٹ کر اپنی کشتیاں ٹھہرانے کی جگہ بنا لی ہے ۔گرل کٹنے سے پارک کی خوبصورتی بھی بری طرح سے متاثرہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

موٹر بوٹس ڈیم کا پانی آلودہ کرنے کے ساتھ ساتھ تفریح کیلئے آنے والوں کی زندگی کیلئے شدید خطرہ بھی ہیں کیونکہ اس غیر قانونی کاروبار سے وابستہ کشی بانوں نے کسی بھی قسم کے حفاظتی انتظامات نہیں کیئے ۔

کشتیوں میں تفریح کی غرض سے بیٹھنے والوں کیلئے لائف جیکٹ بھی موجود نہیں جس کے باعث کسی بھی وقت انسانی جان ضائع ہونے کی صورت میں افسوسناک واقعہ پیش آسکتا ہے ۔انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے )حکام کے مطابق راول ڈیم میں صرف پیڈل بوٹس کی اجازت ہے موٹر سے چلنے والی کشتیاں ڈیم کے پانی میں شدید ارتعاش پیدا کرنے کے باعث آلودگی کا سبب بنتی ہیں جبکہ یہی پانی راولپنڈی کے شہریوں کو پینے کیلئے فراہم کیا جاتا ہے ،،،ذرائع کے مطابق ڈی جی ای پی اے کا عہدہ خالی ہونے کے باعث ای پی اے بھی راول ڈیم میں ہونے والے اس غیر قانونی اقدام پر کسی بھی قسم کی کارروائی سے قاصر ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں