مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قائم دو ہسپتالوں میں اب تک 25,860 پاکستانی عازمین علاج معالجے کی سہولیات حاصل کرچکے ہیں ، 347 ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا دستہ مکہ ، مدینہ اور جدہ ایئر پورٹ خدمات سرانجام دے رہا ہے،ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور

بدھ 9 ستمبر 2015 13:32

مکہ الکرمہ۔ 9 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) حج 20015ء کے موقع پر وزارت مذہبی امور کی جانب سے حجاز مقدس میں پاکستانی عازمین حج کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظام کئے گئے ہیں ۔مکہ مکرمہ میں قائم پاکستان حج مشن کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پاکستانی عازمین کیلئے دو ہسپتال قائم کئے جا چکے ہیں جن سے اب تک 25,860 پاکستانی عازمین علاج معالجے کی سہولیات حاصل کرچکے ہیں ۔

347 ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا دستہ دونوں مقدس شہروں کے علاوہ جدہ ایئر پورٹ بھی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ مکہ مکرمہ میں ہسپتال 30 بستروں جبکہ مدینہ منورہ میں 15 بستروں پر مشتمل ہے ۔ وزارت مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد یوسفانی کے مطابق میڈیکل مشن میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کثیر تعداد شامل ہے جس میں سات میڈیکل سپیشلسٹ ‘ سات گائناکالوجسٹ‘ پانچ ماہر امراض قلب ‘ تین سائیکا ٹرسٹ ‘ ایک سکن سپیشلسٹ جبکہ سات ڈینٹل سرجن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح مدینہ منورہ میں بھی سپیشلسٹ ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ حکومت کی جانب سے مکہ مکرمہ میں قائم ہسپتال کے لئے دو جدید ترین ایمبولنسیں بھی خریدی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو جلد از جلد ہسپتال منتقل کیا جاسکے۔دونوں ہسپتالوں میں تمام لیبارٹری ٹیسٹ ‘ ایکسرے کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ہر قسم کی ادویات نہ صرف پاکستانی حجاج بلکہ کسی بھی ملک سے آئے ہوئے عازمین کو بلامعاوضہ فراہم کی جارہی ہیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں