قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی منظوری دیدی

کمیٹی منصوبے کی نگرانی کے علاوہ اس کی تیز اور بروقت تکمیل کے لئے اپنی سفارشات پیش کرے گی

بدھ 9 ستمبر 2015 18:32

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء ) قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک )کی نگرانی اور بر وقت تکمیل کے لئے 22رکنی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی منظوری دیدی ہے۔بدھ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ پارلیمانی کمیٹی 24جون 2015کو قومی اسمبلی اور 10 جولائی2015کو سینیٹ سے منظور کی جانے والی قراردادوں کے ضمن میں چیئرمین سینٹ اورپارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کی مشاورت سے قائم کی گئی ہے۔

پارلیمانی کمیٹی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین پر مشتمل ہے جن میں اراکین قومی اسمبلی لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ، رانا محمد افضل خان، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر عباد اﷲ، اصفہان ایم بھنڈارا، اعجاز حسین جاکھرانی، اسد عمر، خالد مقبول صدیقی، اکرم خان درانی، غوث بخش خان مہر، محمود خان اچکزئی ، سید غازی گلاب جمال،امیر حیدر خان ہوتی ، آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور اراکین سینٹ سردار فتح محمد خان حسنی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی ، شبلی فراز،بازمحمد خان، طلحہ محمود، مشاہد حسین سیداور میر حاصل خان بزنجو شامل ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور اصلاحات بھی کمیٹی کے ایکس آفیشوممبرہونگے۔پارلیمانی کمیٹی کو سی پیک منصوبے کی نگرانی کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جس کا مقصد28مئی2015 کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں پائے جانے والی متفقہ رائے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ کمیٹی منصوبے کی نگرانی کے علاوہ اس کی تیز اور بروقت تکمیل کے لئے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

اس کے علاوہ کمیٹی منصوبے کی بہتری ، اس پر اٹھنے والی لاگت اور تکمیل کی میعاد میں کمی اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے بھی سفارشات پیش کرے گی۔کمیٹی قومی سطح پراس منصوبے پر اتفاق رائے اور حمایت کو فروغ دینے کے لئے بھی کوششیں کرے گی۔ کمیٹی مجلس شوریٰ کے دونوں ایوانوں میں وقتا فوقتااپنی رپورٹ پیش کرے گی۔کمیٹی کو اپنی کاروائی کے قواعدو ضوابط خود وضع کرنے کے اختیارات بھی حاصل ہونگے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں