لسٹڈ کمپنیوں کو محفوظ سرمایہ کاری سے متعلق پیغام اپنی سالانہ رپورٹوں میں شائع کرنے کی ہدایت

بدھ 9 ستمبر 2015 20:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) عوام میں بچتوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور سرمایہ کاروں میں انوسٹمنٹ سے متعلق قوائد و ضوابط بارے آگاہی پیدا کرنے کے لئے سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے سٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ تمام کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایس ای سی پی کے انوسٹر ایجوکیشن کے پروگرام ’ جمع پونچی ‘ میں سے منتخب کردہ اہم پیغامات کو اپنی سالانہ رپوٹوں میں شائع کریں ۔

عوام کو سرمایہ کاری کے قانونی طریقوں اور قوائد و ضوابط سے آگاہ کرنے اور سرمایہ کاری سے متعلق درست فیصلے کرنے میں مدددینے کے لئے سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے سرمایہ کاروں کے لئے ایک جامع پروگرام’ جمع پونجی ‘ شروع کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد مختلف مالیاتی شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد، طلبہ ، سٹاک مارکیٹ سے منسلک افراد، پروفشنلز اور غیر بینکاری مالیاتی سیکٹر سے منسلک افراد میں قوائد و ضوابط سے متعلق آگہی پیدا کرنااور عوام میں بچتوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ’ جمع پونجی ‘ کے نام سے ایک ویب پورٹل بھی قائم کیا گیا ہے جس پر سرمایہ کاری سے متعلق اہم معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ اس سے پہلے تمام پیبلک کمپنیوں اور لائسنس یافتہ کمپنیوں کو بھی ہدایت دی جا چکی ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹ کے ہوم پیج پر ’جمع پونجی‘ کا لنک فراہم کریں تا کہ سرمایہ کار اس ویب پورٹل پر جا کرمفید معلومات حاصل کر سکیں۔ امید کی جاتی ہے کہ ایس ای سی پی کا انوسٹر ایجوکیشن ویب پورٹل ’جمع پونجی‘ عوام میں قانونی طور پر جائز سرمایہ کاری کے حوالے سے آگہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں