وزیر مملکت قومی صحت سائرہ تارڑ کی امریکی نائب مشیر برائے قومی سلامتی اور خصوصی نمائندہ پاکستان و افغانستان سے ملاقاتیں، صحت کے اہم شعبوں میں پاک امریکہ تعلقات اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

مربوط مہموں سے پاکستان میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے ، حکومت جلد پولیو وائرس کے مکمل خاتمہ بارے پر امیدہے ، سائرہ افضل تارڑ کی گفتگو ، ڈان فیلڈمین کی بیماریوں کی روک تھام کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کی یقین دہانی

بدھ 9 ستمبر 2015 23:10

اسلام آ باد/واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوا ٓرڈینشن سائرہ افضل تارڑ نے وائٹ ہاؤس میں امریکی نائب مشیر برائے قومی سلامتی ایوریل ہینس کے ساتھ ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی بھی تھے۔ واشنگٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں اطراف نے صحت کے شعبہ میں پاک امریکہ دوطرفہ تعاون بارے تبادلہ خیال کیا اور صحت کے اہم شعبوں میں تعلقات اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

سائرہ افضل تارڑ نے ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائیزر ہینس کو بتایا کہ پاکستان میں صحت کے شعبہ کو بڑی ترجیح دی جارہی ہے۔ انہوں نے سماجی شعبہ میں امریکی معاونت اور تعاون پر امریکہ کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر امریکی نیشنل سکیورٹی کے ڈپٹی ایڈوائرز نے پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی کے لیے تعاون اور اشتراک کارمزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوارڈینیشن سائر ہ افضل تارڑ نے افغانستان اور پاکستان کے لیے خصوصی نمائندہ ڈان فیلڈمن سے امریکی محکمہ خارجہ میں ملاقات کی۔ وزیر مملکت کے ہمراہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی بھی موجود تھے۔ امریکہ کی طرف سے افغانستان اور پاکستان کے لیے نائب خصوصی نمائندے جوناتھن کا رپینٹر اور یو ایس ایڈ کے کئی اعلی حکام بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

وزیر مملکت برائے صحت نے افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندہ کو پولیو سمیت دیگر امراض کی روک تھام کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات بارے بتایا۔ وزیر صحت نے کہا کہ تمام صوبوں اور وفاق کے زیر انتظا م علاقوں میں پولیو کے قطرے پلانے کی مربوط مہموں کے باعث اب پولیو کے کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے اور حکومت جلد ہی مستقبل میں پولیو وائرس کے مکمل خاتمہ، بارے پر امیدہے۔

وزیر مملکت نے قومی ترجیحات اور صحت کے شعبہ کی بہتری کے لیے کیے گئے کاموں بارے حکومت کے وژن کے دستاویزات بھی پیش کیں۔ فیلڈ من نے پولیو کے خاتمہ کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور انہوں نے وزیر مملکت برائے صحت کو امراض کی روک تھام کے لیے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ بیماریوں کی روک تھام کے لیے امریکہ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے ۔واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ انفیکشن سے پھیلنے والے امراض کی روک تھام اور دوطرفہ تعاون کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں