جنوبی ایشیاء میں اسلامی بینکاری کے شعبہ میں خدمات سرانجام دینے والے پانچ بہترین بینکوں میں چار پاکستانی بینک شامل

جمعرات 10 ستمبر 2015 11:52

اسلام آباد ۔ 10 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) جنوبی ایشیاء میں اسلامی بینکاری کے شعبہ میں خدمات سرانجام دینے والے پانچ بہترین بینکوں میں چار پاکستانی بینک شامل ہیں جبکہ میزان بینک پاکستان کو جنوبی ایشیاء کا سب سے بہترین بینک قرار دیا گیا ہے اور بنگلہ دیش کے سوشل اسلامک بینک کو دوسری پوزیشن کا حق دار ٹھہرایاگیا ہے۔

22ویں ورلڈ اسلامک بینکنگ کانفرنس کے کنوینرز نے خطے میں کام کرنے والے بینکوں کی درجہ بندی کی ہے جس کے تحت خطے کے پانچ بہترین بینکوں میں چار پاکستانی بینک شامل ہیں۔ ساؤتھ ایشیاء فنانشل ڈسکلوژر بینکنگ کے مطابق تیسری پوزیشن بینک اسلامی ، چوتھی فیصل بینک جبکہ مسلم کمرشل بینک لمیٹڈ نے پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھرمیں اسلامی بینکاری کی خدمات فراہم کرنے والے15 بڑے مالیاتی اداروں میں میزان بینک کودنیا کا10واں بہترین بینک قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میزان بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسرعرفان صدیقی نے کہا ہے کہ میزان بینک میں پالیسی سازی کے عمل میں بنیادی اسلامی اصولوں پرسختی سے عمل کیا جاتا ہے تاکہ صارفین کو بہترین معیارکی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کے خطے کے پانچ بڑے بہترین بینکوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا بینک کی کارکردگی کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک اپنے صارفین کیلئے بہترین خدمات کی فراہمی کا عمل جاری رکھے گا اور ان میں بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ عالمی سطح پر اسلامی بینکاری کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے اورآنے والے دنوں میں شعبہ کی کارکردگی میں مزید اضافہ ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں