اسلام آباد : الیکشن کمیشن اراکین کی تقرری آئینی ہے، آئینی مدت پوری کریں گے۔ چیف الیکشن کمشن سردار رضا خان نے الیکشن کمیشن اراکین کے استعفوں کا مطالبہ مسترد کر دیا۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 10 ستمبر 2015 14:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 10 ستمبر 2015 ء) : چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن ممبران کے استعفے کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ممبران الیکشن کمیشن کی تقرری آئنی ہے لہٰذا ممبران اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں سیاسی جماعتوں کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس میں دس سیاسی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے۔تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ق) نے الیکشن کمیشن ممبران سے استعفے کے مطالبے کو ایک بار پھر دہرایا جسے سردار رضا خان نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ممبران پر کسی کو اعتراض ہے تو وہ سپریم جوڈیشل کونسل سے رابطہ کر سکتا ہے، کسی کے مطالبے پر مستعفی نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات میں انتظامیہ سے لئے گئے ریٹرننگ افسران پر شدید اعتراض کیا۔

سیاسی جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ ر یٹرننگ افسران عدلیہ سے لئے جائیں۔ جس کے جواب میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عدلیہ سے ریٹرننگ افسران لینے کی کوشش کی لیکن سپریم کورٹ نے ریٹرننگ افسران دینے سے انکار کر دیا۔ اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ ضابطہ اخلاق پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے ، تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق کیا کہ شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو بااختیار ہونا چاہئیے. جبکہ اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اراکین اسمبلی پر اپنے حلقوں کے دورے کے لیے عائد کی گئی پابندی کا بھی خاتمہ کیا جائے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں