اسلحہ لائسنس کے اجراء کی پالیسی کو بہتر بنایا جائے، قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی داخلہ و انسداد منشیات

جمعرات 10 ستمبر 2015 18:04

اسلام آباد ۔ 10 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات نے سفارش کی ہے کہ اسلحہ لائسنس کے اجراء کی پالیسی کو بہتر بنایا جائے‘ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو چیئرمین رانا شمیم احمد خان کی صدارت میں پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا جس میں ارکان اسمبلی غالب خان ‘ شیخ محمد اکرم ‘ سید افتخار الحسن ‘ میاں شاہد حسین خان بھٹی ‘ مخدوم سید علی حسن گیلانی ‘ نعمان اسلام شیخ ‘ نواب محمد یوسف تالپور ‘ نعیمہ کشور خان ‘ شیر اکبر خان ‘ میر دوستین ڈونکی ‘ کرنل (ر) امیر اللہ مروت ‘ شائستہ پرویز ملک اور عالیہ کامران کے علاوہ وزارت داخلہ انسداد و منشیات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

کمیٹی کے اجلاس میں سابق صدر آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان ‘ سابق وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ شہید ‘ سابق سیکرٹری قومی اسمبلی محمود سلیم محمود کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانہ کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کراچی میں میڈیا کارکنوں کے قتل کی مذمت کی گئی ۔کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک اور عالیہ کامران کے دو بلوں پر غور وزارت کی طرف سے سفارشات اور تجاویز لیپس ہونے کے باعث ملتوی کردیا۔

کمیٹی نے وزارت کو ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر اس سلسلے میں ضروری کارروائی کی جائے ۔ یہ بل آئندہ اجلاس میں زیر غور لائے جائیں گے۔کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی ماروی میمن اور دیگر کی طرف سے فوجداری ترمیمی بل 2014ء پر غور محرک کی عدم موجودگی کے باعث ملتوی کردیا۔ کمیٹی نے ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے وزارت داخلہ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات کو سراہا۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ اسلحہ لائسنس پالیسی میں بہتری لائی جائے اور صرف حقیقی لائسنس دہندگان کی درخواستوں پر غور کیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں