پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کا خطے کی تعمیرو ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا‘ملک کی معاشی تر قی پر انتہائی دور رس اورمثبت اثرات مرتب ہونگے ‘ این ایچ اے ہزارہ موٹر وے منصوبے پر کا م کی رفتار کو تیز اور اسے مقررہ مدت میں مکمل کرے

قائمقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کا این ایچ اے کی سی پیک اور ہزارہ ایکسپریس وے بارے بریفنگ سے خطاب

جمعرات 10 ستمبر 2015 19:50

اسلا م آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء ) قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے منصوبے کا قیام خطے کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا ، یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس سے نہ صر ف پاکستان اور چین بلکہ جنوبی وسطی اور مشرقی ایشیا کے دیگر کئی ممالک بھی مستفید ہونگے۔

وہ جمعرات کویہاں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے )کے ہیڈ کوارٹرز میں چیئرمین این ایچ اے کی طرف سے سی پیک اور ہزارہ ایکسپریس وے موٹر وے پر دی جانے والی بریفنگ کے شر کاء سے خطاب کر رہے تھے ۔بر یفنگ میں وفاقی وزیر برائے مذہبی اُمور سر دار محمد یوسف اور چیر مین قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنا لوجی ،کیپٹن (ر) محمد صفد ر نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

قائم مقام سپیکر نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ موجودہ حکومت کا ایک تاریخی اقدام ہے اس منصوبے سے ملک کی معاشی تر قی پر انتہائی دور رس اورمثبت اثرات مرتب ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ چینی عوام کی طر ف سے پاکستانی عوام کے لیے ایک انمول تحفہ ہے جو پاکستان اور چین کی دیرپا دوستی کو نئی جہیتوں سے ہمکنار کرے گا اور دونوں ممالک کی معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے ہزارہ ایکسپریس وے موٹر وے کے منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ ایکسپریس وے موٹر وے سی پیک کااہم حصہ ہے اس منصوبے کی تکمیل سے ہزارہ ڈویژن کی پسماندگی کا خاتمہ ہوگا اور علاقے میں ترقی وخوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔انہوں نے ایشیائی تر قیاتی بینک اور پاکستان کے مابین اس منصوبے کے لیے 3227ملین ڈالر کے ہونے والے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ منصوبے کی بروقت تکمیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے این ایچ اے کو اس منصوبے پر کا م کی رفتار کو تیز کرنے اور مقررہ مدُت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ہزارہ ایکسپریس وے موٹر وے کے دوسرے فیزجس میں حویلیاں سے مانسہر ہ شنکیاری تک موٹر وے ایکسپریس وے کی تعمیر شامل ہے پر جلد کام کے آغاز کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے شرکاء کو سی پیک کی نگرانی اور بروقت تکمیل کے لیے قائم کی جانے والی پارلیمانی کمیٹی کے اغراض ومقاصد سے بھی آگاہ کیا ۔

قبل ازیں چیئرمین این ایچ اے نے بریفنگ کے شر کاء کوسی پیک کے منصوبے سے متعلق تفصیلا ت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ دوست ملک چین کے تعاون سے 46بلین ڈالر کی لا گت سے مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے منصوبے میں پاکستان میں انفراسٹریکچر کی ترقی اور توانائی کے منصوبوں ، ہزارہ ایکسپریس وے موٹر وے کی تعمیر ، حویلیاں سے خنجراب ریلوے ٹر یک بچھانے اور حویلیاں میں ملک کے سب سے بڑے ڈرائی پورٹ کے قیام کے منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے ہزارہ ایکسپریس وے موٹر وے کی تعمیر سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ برھان سے حویلیاں تک ایکسپریس وے ہزارہ موٹر وے پر تیزی سے کا م جاری ہے اور اس کی بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس منصوبے کے دوسرے فیز جو حویلیاں سے مانسہرہ شنکیاری تک موٹر وے ایکسپریس وے کی تعمیر پر مشتمل ہے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کاPC-1پی سی ون مکمل ہوچکا ہے اور بہت جلد اس منصوبے پر کا م کا آغاز کردیا جائے گا ۔انہوں نے ہزارہ ایکسپریس وے موٹر وے کے لیے پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مابین ہونے والے معاہدے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں