عوام قائداعظم کے اصولوں ، جمہوریت، آئین اور مساوات پر قائم رہیں، پیپلز پارٹی انتہاپسندی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا قائداعظم کے یوم وفات پر پیغام

جمعرات 10 ستمبر 2015 22:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے عوام سے کہا ہے کہ وہ قائداعظم کے اصولوں ، جمہوریت، آئین اور مساوات پر قائم رہیں۔ قائداعظم کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ترقی پسنداور جمہوری پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں تمام شہریوں کے حقوق بلاتفریق مذہب، رنگ و نسل مساوی ہوں گے اور جہاں سیاسی برداشت ہوگی اور سیاسی مخالفت کو برداشت کیا جائے گا۔

قائداعظم کے اس فلسفے پر جتنی ضرورت آج ہے اتنی پہلے کبھی نہ تھی۔ قائداعظم کے جمہوریت کے اصول پر عمل کرنے کا تقاضا یہ ہے کہ ایک طرف تو ہم عسکری ذہنیت کو شکست دیں اور دوسری طرف برداشت کا مادہ قائم رکھیں۔

(جاری ہے)

ہمیں ان کے خلاف خبردار رہنا چاہیے جو طاقت کے ذریعے اپنا ایجنڈا معاشرے پر مذہب کے نام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں عدم برداشت اور سیاسی مخالفت کو برداشت نہ کرنے کے رحجان سے بھی لڑنا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی اپنے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ انتہاپسندی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کو یقین دلاتی ہے کہ پارٹی کا ہر کارکن پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک جمہوری، انصاف پسند اور ہمہ جہت معاشرہ بنانے کی جدوجہد کرتا رہے گا جس میں انتہاپسندی، عسکریت پسندی اور عدم برداشت نہیں ہوگا۔ آصف علی زرداری نے ان لوگوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے پاکستان کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ملک کو ایک جمہوری اور آئینی ملک بنانے کی جدوجہد میں اپنی جانیں قربان کیں اور دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں