پاکستان کشمیر، فلسطین، بوسنیا، عراق، شام اور لیبیا سمیت تمام خطوں کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے جو مسائل کا شکار ہیں، دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی کی ہر شکل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا، اس سلسلے میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات انتہائی مخلصانہ اور برادرانہ ہیں جس کی دنیا میں کوئی مثال ملنا کم ہے

صدر مملکت ممنون حسین کی سعودی عرب کے پارلیمانی وفد سے گفتگو

جمعہ 11 ستمبر 2015 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر، فلسطین، بوسنیا، عراق، شام اور لیبیا سمیت ان تمام خطوں کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے جو مسائل کا شکار ہیں۔وہ سعودی عرب کے پارلیمانی وفد سے گفتگوکررہے تھے جس نے جمعہ کو ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ سعودی وفد کی قیادت ڈاکٹر عطاء اللہ بن احمد ابوحسن نے کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے اور حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی کی ہر شکل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ اس سلسلے میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات انتہائی مخلصانہ اور برادرانہ ہیں جس کی دنیا میں کوئی مثال ملنا کم ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی رابطوں میں مزید اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بہت مفید اثرات مرتب ہونگے۔

اس موقع پر سعودی وفد کے سربراہ ڈاکٹر عطاء اللہ بن احمد ابوحسن نے صدر مملکت کو خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے نیک تمناوٴں کا پیغام پہنچایا۔ صدر مملکت نے بھی خادم الحرمین شریفین کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔اس موقع پر قومی اسمبلی کے قائم مقام سپیکر مرتضی جاوید عباسی، رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان، پاکستان میں سعودی سفیر عبداللہ بن مرزوق الضہرانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں