جے یو آئی (ف)کے مرکزی ترجمان جان اچکزئی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا

جے یو آئی کے بعض رہنماؤں کے ساتھ چلنا نا ممکن ہو گیا ہے، پارٹی کیلئے مشکلات پیدا نہیں کرنا چاہتا، دکھی دل کے ساتھ علیحدگی اختیار کررہاہوں، جان اچکزئی کا موقف

جمعہ 11 ستمبر 2015 17:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) جمعیت علماء اسلام(ف)کے مرکزی ترجمان اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی جان اچکزئی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیاجبکہ جے یو آئی کے سابق سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک سال قبل بطور ترجمان جان اچکزئی کو ان کی ذمہ داری سے ہٹا دیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں جان اچکزئی نے کہا کہ وہ کافی سوچ و بچار کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ جے یو آئی کے بعض رہنماؤں کے ساتھ چلنا تقریباً نا ممکن ہو گیا ہے، وہ پارٹی کے کسی رہنماء کیلئے مشکلات پیدا نہیں کرنا چاہتے، اس لئے دکھی دل کے ساتھ علیحدگی اختیار کررہے ہیں،جان اچکزئی نے کہا کہ وہ جے یو آئی کے تمام کارکنان اور بہی خواہوں کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے بطور ترجمان ان کے ساتھ تعاون کیا اور ہر مرحلے پر ان کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور زیرک پارلیمنٹیرین ہیں، وہ ان کی دل سے قدر کرتے ہیں اور ان کا آئندہ بھی احترام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کی صحت اور درازی عمر کیلئے دعا گو ہیں اور ان کی نیک تمنائیں ہمیشہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رہیں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں