وزیر اعظم نے روپے کی قدر میں کمی سے انکار کر کے عوام دوستی کا ثبوت دیا ؛صدرپاکستان اکانومی واچ

ہفتہ 12 ستمبر 2015 11:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء)پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے برامدکنندگان کے مطالبہ پر روپے کی قدر میں دس فیصد کی مزیدکمی سے انکار کر کے عوام دوستی کا ثبوت دیا ہے۔ چند سو افراد کے مفاد کیلئے بیس کروڑ افراد کے مفاد کو قربان نہیں کیا جا سکتا۔گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے صدرمیاں محمد ادریس کی قیادت میں ایکسپورٹرزکے وفد نے وزیر اعظم سے ملاقات میں کرنسی کی قدر میں دس فیصد کمی کا مطالبہ کیا جو عوام کی جیب پر ڈاکے کی کوشش تھی جو حکومت نے ناکام بنا دی۔

حال ہی میں ٹڈاپ نے اپنی نا اہلی کا ثبوت دیتے ہوئے حکومتی آمدنی بڑھانے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کے بجائے نوٹ چھاپنے اور ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر کم کرنے کا عوام دشمن مشورہ دے تھا جسے مسترد کر دیا گیا ورنہ ملک افراط زر کے سیلاب میں ڈوب جاتا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ایکسپورٹر اپنا منافع بڑھانے کیلئے ملکی مفادات پر ضرب لگانے کی کوشش نہ کریں۔

روپے کی قدر کافی کم ہو چکی ہے اور اس میں مزید کمی ملکی مفاد کے خلاف ہوگی۔برامدت بڑھانے کیلئے کاروباری لاگت کم کرنا ہو گی جس میں توانائی، ٹیکس ریفنڈز اور سفارتخانوں میں سفارش کی بنیاد پر کمرشل قونصلرز کے تقرر کا سلسلہ بند کرنا ہو گا۔ روپے کی قدر کم کرنے سے درامدات جو برامدات سے دگنی ہیں کی قیمت بڑھنے کے علاوہ قرضہ اور اسکے سود میں بھی اضافہ ہو گا جبکہ افراط زر بڑھ جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں