سانحہ حرم شریف، عازمین حج کے لواحقین کی سہولت کیلئے وزارت مذہبی امور میں ہنگامی کال سینٹر قائم

ہفتہ 12 ستمبر 2015 12:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ حرم شریف سانحہ میں ابھی تک کسی پاکستانی کے شہید یا زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی، عازمین حج کے لواحقین کی سہولت کیلئے وزارت مذہبی امور میں ہنگامی کال سینٹر قائم کر دیا گیا ہے اور کسی بھی قسم کی معلومات حاصل کرنے کیلئے 042111725425 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سردار یوسف نے کہا کہ پاکستان سے اب تک ایک لاکھ سے زائد عازمین سعودی عرب جا چکے ہیں اور صرف چند ہزار ہی پاکستان میں ہیں تاہم ابھی تک شہداء کی قومیت سے متعلق پتہ نہیں چل سکا جبکہ کسی پاکستانی عازمین حج کے شہید یا زخمی ہونے کی بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور حادثے کے بعد سے عرب میں موجود حج مشن اور سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

سردار یوسف نے بتایا کہ انہوں نے ڈی جی حج سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انہیں عازمین حج سے متعلق معلومات لینے کی ہدایت بھی کر دی ہے تاہم ابھی تک کسی پاکستانی کے شہید یا زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی معلومات کیلئے ہنگامی کال سینٹر قائم کر دیا گیا ہے جہاں 042111725425 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے جبکہ سعودی عرب میں رابطے کا نمبر 8001166622 ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں