اوپن یونیورسٹی درست اور حقائق پر مشتمل تاریخ کو اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے زندہ رکھے گی، ڈاکٹر شاہد صدیقی

اتوار 13 ستمبر 2015 17:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 ستمبر۔2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہاہے کہ یونیورسٹی درست اور حقائق پر مشتمل تاریخ کو اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے زندہ رکھے گی۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ تاریخ کے زیر انتظام منعقدہ ایک روزہ "ہسٹورین سیمنار" سے خطاب میں کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار نیشنل انسٹی ٹیوٹ برائے تاریخ و ثقافت ریسرچ سینٹر کے تعاون سے منعقد کیا گیا تھا۔ قائداعظم یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ برائے تاریخ و ثقافت کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر وقار علی شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔محققین  علماء  دانشوروں اور مقامی یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے تاریخ سیمینار میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

مقررین نے ہسٹورین سیمینار میں نئی نسل کے لئے تاریخ کو غیر جانبدارانہ انداز میں مرتب کرنے اور آزاد مطالعہ پر زور دیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وقار علی شاہ نے کہا کہ تاریخ کے مضمون کو ایک منظم طور پر فروغ دینے کی شدید ضرورت ہے۔انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ مختلف سطح کی تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کی قومی اور علاقائی تاریخ کے فروغ کے لئے سنجیدہ کوششیں کریں۔ وائس چانسلر  پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ تاریخ کو وہ مقام حاصل نہیں ہوا ہے جو اس کا بنیادی حق ہے، اوپن یونیورسٹی اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے تاریخ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کا ماضی اور مستقبل سے گہرا تعلق ہے۔ کسی بھی ملک کی تاریخ اس ملک کے شاندار مستقبل کے لئے رہنمائی فراہم کرنے کا فریضہ بھی انجام دیتی ہے اور مستبل کے لئے سبق دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے درست اور حقائق پر مشتمل تاریخ کے فروغ کے لئے اپنی کوشش جاری رکھی ہوئی ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں