وارننگ کے بغیر ضلعی انتظامیہ ہوٹلوں او ر ریسٹورنٹس پر چھا پے مارنے سے گریز کرے ، مزمل صابری

صفائی یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کرنے کو تیار ہیں،صدراسلام آبادچیمبرانڈسٹری

پیر 14 ستمبر 2015 19:04

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کوئی وارننگ دیئے بغیر اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس پر چھا پے مار رہی ہے جس کی وجہ سے کاروباری حلقے میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس پر صفائی کو یقینی بنانا ایک اچھا عمل ہے تاہم ضلعی انتظامیہ پہلے وارننگ دے اور وارننگ کے باوجود اگر کوئی ہوٹل یا ریسٹورنٹ مطلوبہ معیار کے مطابق صفائی کا خیال نہیں رکھتا تو پھر اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہوٹل اور ریسٹورنٹ میں صفائی کیلئے مناسب ایس او پیز یا چیک لسٹ جاری کرے تا کہ یہ ادارے صفائی پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنا سکیں۔

(جاری ہے)

مزمل صابری نے کہا کہ اسلا م آباد میں گزشتہ کچھ دنوں سے ریسٹورنٹ اور بکریاں سیل کی جا رہی ہیں اور ان کے فوٹو مقامی انتظامیہ کی ویب سائٹ پر جاری کئے جا رہے ہیں جو مناسب نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کسی لیبارٹری کی رپورٹ آنے سے پہلے ہی ہوٹلوں پر بھاری جرمانے عائد کرنا بھی درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری صفائی اور بہتر معیار برقرار رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ ہوٹل اور ریسٹورنٹ کا کاروبار کرنے والوں کو پوری طرح اعتماد میں لے اور ان کی مشاورت سے ایس او پی یا چیک لسٹ تیار کرے تا کہ عوام کو ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس پر صاف ستھرا اور معیاری کھانا میسر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس او پی یا چیک لسٹ تیار کرنے کے بعد ضلعی انتظامیہ باقاعدگی کے ساتھ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کی نگرانی کرتی رہے تا کہ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس پر صفائی کلچر تسلسل کے ساتھ فروغ پاتا رہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں