ملک بھر کے 3 کروڑ 50 لاکھ چھوٹے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم شروع

پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، پولیو کے قطرے پلانے کیلئے ہر بچے تک پہنچنا ہماری ترجیح ہے، وزیر اعظم کی پولیو کے خاتمہ بارے فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق کی مانیٹر نگ کے دوران گفتگو

پیر 14 ستمبر 2015 19:35

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء ) ملک بھر کے 3 کروڑ 50 لاکھ چھوٹے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم شروع ہو گئی جبکہ اسلام آباد میں پولیو مہم کی نگرانی وزیر اعظم کی پولیو کے خاتمہ بارے فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کی ۔ ملک بھر کے 163 اضلاع میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی اس مہم میں 2 لاکھ پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں وزیر اعظم کی پولیو کے خاتمہ بارے فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے اسلام آباد کے دیہی و شہری علاقوں اور کچی بستیوں میں مہم کے انعقاد کی نگرانی کی انہوں نے خاص طور پر مہم کے مانیٹرنگ نظام کو چیک کیا اور احکامات جاری کیے ہیں کہ پولیو کے قطرے پلانے کی مہم میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

مانیٹر نگ کے دورہ کے دوران عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے کے لیے ہر بچے تک پہنچنا ہماری ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

تاکہ ملک بھر میں چلائی جانے والی اس مہم میں کوئی بچہ پولیو ویکسین کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔پولیو کے خاتمہ بارے وزیراعظم کی فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ ستمبر2015 سے لے کر مئی 2016 ء تک پولیو کے قطرے پلانے کی نو مہموں کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور ہر مہم پولیو کا پھیلاؤ روکنے کے حوالہ سے اہم ترین ہے۔

عائشہ رضا فاروق نے سی ڈی اے کو نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان میں دیئے گئے اشاریوں کے مطابق پولیو قطرے پلانے کی مہموں کی نگرانی کرنے کی احکامات جاری کیے اور کہا کہ ملک بھر میں پولیو مہموں کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے ایمرجنسی آپریشن سینیٹر صوبوں اور علاقوں کو ہر قسم کا تعاون دینے کے لیے دستیاب ہے۔ قبل ازیں انہوں نے پولیو مہم کے ۔ڈور ٹو ڈور انعقاد کے لیے اسلام آباد کے نواحی علاقوں کا بھی دورہ کیا۔

سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کے ۔ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن عروج نے فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق کو مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔ سی ڈی اے ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے دیئے گئے اعداد شمار کے مطابق اسلام آباد میں دو لاکھ نوے ہزار بچوں کو پولیو کے 2 ہزار سے زائد کا رکن پولیو کے قطرے پلائیں گے اس مہم کے دوران چھوئے بچوں کو وٹامن اے بھی دیا جائے گا۔

وزیراعظم کی فوکل پرسن نے فیلڈ دورہ کے دوران پولیو کی ٹیموں اور والدین کی حوصلہ افزائی کے لیے ان سے بالمشافہ بات چیت کی انہوں نے ویکسین دینے والے عملہ کی کارکردگی کی نگرانی کی اور کمیونٹی کے بزرگ افراد پر زور دیا کہ وہ کمیونٹی کو پولیو مہم اور حفاظتی ٹیکہ جات کی مہموں میں متحرک کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ معصوم بچے ہمارا مستقبل اور سرمایہ، حیات ہیں جنہیں ہم معذور اور اپاہیج نہیں دیکھ سکتے۔ انہوں نے علماء اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ بچوں کو پولیو کے مودی مرض سے بچانے کے لیے شعور و آگاہی پیدا کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں