ورلڈ فوڈ پروگرام کا پاکستان میں دائرہ کار وسیع کرنے کی ضرورت ہے‘ سرتاج عزیز

منگل 15 ستمبر 2015 12:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ورلڈ فوڈ پروگرام پر زور دیا ہے کہ وہ بے گھر افراد کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ترقیاتی سرگرمیوں اور اداروں کی استعداد کار کے فروغ کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرے-منگل کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ورلڈ فوڈ پروگرام کے ایگزیکٹو بورڈ کے وفد نے صدرسیموئل بیور کی قیادت میں وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی اور خارجہ امور سرتاج عزیز سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی-ڈبلیو ایف پی کا چھ رکنی وفد پاکستان میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان کے دورے پر ہے-مشیر خارجہ نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پاکستان کی خوراک اور دیگر غذائی ضروریات کے سلسلہ میں معاونت پر شکریہ ادا کیا-انہوں نے ورلڈ فوڈ پروگرام کا پاکستان میں دائرہ کار وسیع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کو ترقیاتی آپریشنز اور پاکستانی اداروں کی استعداد کار کو ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے فروغ دیکر اپنا مزید فعال کردار ادا کرنا چاہئے جبکہ عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی خوراک کی ضروریات پوری کرنے میں بھی اپنا کردار جاری رکھنا چاہئے-ڈبلیو ایف پی کے وفد نے ملک میں اپنی سرگرمیوں کے سلسلہ میں تعاون پر حکومت پاکستان سے تشکر کا اظہار کیا-

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں