کسانوں کے لیے 341 ارب روپے کا ریلیف پیکج

منگل 15 ستمبر 2015 13:21

کسانوں کے لیے 341 ارب روپے کا ریلیف پیکج

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کسانوں کے لیے 341 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان کردیا ہے۔ اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں کسانوں کے لیے امدادی پیکج کااعلان کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کے لیے ریلیف پیکیج چار حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلا حصہ براہ راست مالی تعاون کا ہے، دوسرا حصہ لاگت کو کم کرنے کا ہے، تیسرا حصہ زرعی قرضوں کی فراہمی جبکہ چوتھا حصہ قرضے کے حصول کو آسان بنانا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے اعلان کیا کہ حکومت ساڑھے بارہ ایکڑ تک اراضی پر فصل کاشت کرنے والے کسانوں کو 5 ہزارروپے فی ایکڑ مالی امداد دے گی، جبکہ ساڑھے بارہ ایکڑ سے کم زمین رکھنے والے کسانوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے جبکہ فصلوں کا انشورنس پریمیئم حکومت خود ادا کرے گی ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ کپاس کے کاشتکاروں کے لیے بھی 5 ہزار روپے کیش دینے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کھاد کی قیمتوں کو پرانی سطح پر لایا جائے گا،انھوں نے کھاد کی قیمت میں فی بوری 500روپے کمی کرنے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہویے وزیراعطم نے ٹیوب ویل چلانے کے لیے بجلی کے بلوں میں رعایت کے لیے 7ارب روپے دینے کی بھی خوشخبری سنائی جبکہ ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے بلاسود قرضے دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کسانوں کی فلاح وبہبود کے لیے موثر اقدامات اٹھارہی ہے اور وفاق اور صوبے مل کر کسانوں کو امدادی پیکیج دیں گے۔ اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سکندر حیات بوسن کا کہنا تھا کہ زرعی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں