بھارت کی سیاست برصغیر میں کھیلوں کی روح کو تباہ کررہی ہے، شہناز شیخ

منگل 15 ستمبر 2015 16:39

بھارت کی سیاست برصغیر میں کھیلوں کی روح کو تباہ کررہی ہے، شہناز شیخ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) سابق اولمپیئن شہناز شیخ نے پاکستانی کھلاڑیوں کو انڈین ہاکی لیگ( آئی ایچ ایل) کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ نہ بنانے پر بھارتی حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک کی سیاست برصغیر میں کھیلوں کی روح کو تباہ کر رہی ہے۔ بھارتی ہاکی کے حکام نے اپنے کرکٹ بورڈ کی روش پر چلتے ہوئے اپنی پاکستان مخالف مہم جاری رکھی اور انڈین ہاکی لیگ کیلئے کسی پاکستانی کھلاڑی سے رابطہ نہیں کیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) بھی اپنی لیگ آئی پی ایل میں پاکستان کے کسی کھلاڑی کو شامل نہیں کرتا جس کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی تناوٴ کو بہانہ بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہناز شیخ نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتاکہ بھارتی اسپورٹس باڈیز کو پاکستانی کھلاڑیوں سے کیا مسئلہ ہے اور وہ پاکستانی ہاکی اور کرکٹ کھلاڑیوں سے اتنا خوفزدہ کیوں محسوس کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستانی اسپورٹس حکام اپنے بچکانہ رویہ ترک کریں اور پاکستان کو بتائیں کہ آخروہ چاہتے کیا ہیں کیونکہ ان کی سوچ برصغیر میں کھیلوں کی روح پر اثرانداز ہو رہی ہے۔شہناز شیخ نے مزید کہا کہ بیلجیئم میں منعقدہ ورلڈ ہاکی لیگ میں میری ہندوستانی ہاکی حکام سے ملاقات ہوئی تھی اور وہ پاکستانی کھلڑیوں کو لیگ میں شامل کرنے کیلئے خاصے پرامید تھے لیکن انہوں نے ہمارے کھلاڑیوں کو نظرانداز کر دیا ہے جو بہت مایوس کن ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں