عوام کی فلاح و بہبود پارٹی لیڈر شپ کا ویژن اور پارٹی منشور ہے ،عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے،چوہدری عبدالمجید

منگل 15 ستمبر 2015 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود پارٹی لیڈر شپ کا ویژن اور پارٹی منشور ہے جس کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے پارٹی پرچم کو سربلند رکھیں گے پارٹی کے نظریات کو فروغ دیں گے۔ عوامی فلاح و بہبود اور آزادکشمیر میں خوشحال معاشرے کے قیام کا سفر جاری ہے۔

منفی عناصر کے الزامات کو عوامی خوشحالی کے اس ایجنڈے کی رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ 2016 میں پیپلز پارٹی ٹریک ریکارڈ کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی اور دوتہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی اور خدمت خلق کا سفر جاری رکھے گی اور عوامی خوشحالی تعمیر و ترقی کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔ سابق مشیر حکومت بشیرپہلوان کی قیادت میں وفد سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے کشمیر ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا پیپلز پارٹی عوام کے دکھوں کا مداوا ہے اور عوامی خوشحالی اور عوامی حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے۔ پارٹی لیڈر شپ نے عوامی حقوق پر کبھی کمپرومائیز نہیں کیا آزادکشمیر حکومت پارٹی لیڈر شپ کی فلاسفی پر عمل پیرا ہے آزادکشمیر کے عوام کا مقدر سنوار دیں گے۔ دریں اثناء اسلام گڑھ پریس کلب کے صدر خالد حسین کی قیادت میں جرنلٹس کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے انٹرنیشنل کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کر ئے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق خودارادیت دلوائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر غیرقانونی قبضہ کر رکھا ہے اور اپنے غاصبانہ تسلط کو دوام دینے کے لئے ریاستی دہشت گردی کررہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کل 16 ستمبر سارے آزادکشمیر میں مقبوضہ کشمیر میں رسوائے زمانہ قوانین کے نفاذ ،نوجوان نسل کی ٹارگٹ کلنگ ،حریت قیادت کی گرفتاریاں اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروع پر بھارت کے خلاف احتجاجی ریلیاں منعقد کی جارہی ہیں جس میں مہذب دنیا کو بھارت کا اصل روپ دکھا دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے صحافتی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کرکے قلی جہاد کو تیز کریں تاکہ دنیا جان سکے کہ بھارت ایک قابض اور غاصب ملک ہے جس نے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق غصب کررکھے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں