قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات کا اجلاس

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت نیشنل ہائی وے اتھارٹی و دیگر متعلقہ محکموں کی طرف سے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار ،پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے میں تاخیر پر اظہار تشویش

منگل 15 ستمبر 2015 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کی طرف سے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کے پی کے حکومت اور مقامی ارکان پارلیمنٹ کی مدد سے معاملات حل کرنے کی ہدایت کی ہے ، کمیٹی کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں عبدالمجید خان خانان خیل کی صدارت میں ہوا جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے ، پشاور ناردرن بائی پاس اور چترال میں سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے اقتصادی راہداری کے راستوں پر ہونیوالے کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے، کمیٹی نے پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے میں التواء پر تشویش کا اظہار کیا اور صوبائی حکومت سے کہا کہ وہ اراضی کی خریداری مکمل کرے اور یہ منصوبہ کسی تاخیر کے بغیر مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے چترال میں سیلاب سے ہونیوالی تباہ کاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ چترال میں سیلاب زدگان کی بحالی اور انہیں مالی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے ، اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی سید محمد اطہر حسین شاہ گیلانی ، بیگم شازہ فاطمہ خواجہ، بیگم شاہین شفیق، بیگم شمس النساء ، قیصر جمال، بیگم آسیہ ناصر، شیر اکبر خان اور افتخار الدین نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں