سعودی عرب کی جانب سے حج کوٹہ میں اضافہ کے ساتھ ہی نئے ٹور آپریٹرز کو بھی شامل کیا جائے گا، حکومت حج کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور شفافیت پر توجہ دے رہی ہے، وزارت مذہبی امور

جمعرات 21 جنوری 2016 14:36

اسلام آباد ۔ 21 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 جنوری۔2016ء) وزارت مذہبی امور کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے حج کوٹہ میں اضافہ کے ساتھ ہی نئے ٹور آپریٹرز کو بھی شامل کیا جائے گا، حکومت حج کی بہتر سہولیات اور شفافیت پر توجہ دے رہی ہے۔، نجی شعبہ کے مقابلے میں گزشتہ حج میں بہتر سہولیات اور کم پیسے چارج کئے گئے۔

جمعرات کو ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران وزیرمملکت بلیغ الرحمان نے وزارت مذہبی امور کی جانب سے بتایا کہ سرکاری حج کا پیکیج نجی حج پیکیج سے کم مالیت کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ آپریٹرز 8 لاکھ سے 12 لاکھ روپے تک چارجز لیتے ہیں، حجاج کی اپنی مرضی ہے کہ وہ نجی آپریٹر کا انتخاب کریں۔ اگر آپریٹر حجاج کو طے شدہ رہائش، کھانا پینا نہیں دیتے تو اس پر کارروائی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال حج کے حوالے سے شکایات کم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حرم میں تعمیرات کی وجہ سے کوٹہ کم کیا گیا ہے، توقع تھی کہ اس سال زیادہ کوٹہ دیا جائے گا تاہم ابھی تک ایسا نہیں ہے۔ اگر کوٹہ بڑھا تو پھر نئے آپریٹرز کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2015ء میں حج و عمرہ آپریٹرز کے خلاف 172 شکایات موصول ہوئیں، چار کمپنیوں کے لائسنس معطل کئے گئے، حجاج کی شکایات کے ازالے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور اس کے فیصلے کا انتظار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صرف 7 حج ٹور آپریٹرز ایسے ہیں جو 8 لاکھ روپے سے زائد میں حج کرانے پر رجسٹرڈ ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان ایسا ملک ہے جہاں پولیووائرس کے کیس سامنے آرہے ہیں ، حکومت اس کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور وزیراعظم کی سربراہی میں نیشنل ٹاسک فورس کی تشکیل ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں