پوئپاکا بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تربیت اور آگاہی کیلئے "آگاہی مہم " شروع کرنے کا اعلان

مشرق وسطیٰ سمیت دیگر ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے، چوہدری محمد افضل

جمعرات 21 جنوری 2016 17:55

پوئپاکا بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تربیت اور آگاہی کیلئے "آگاہی مہم " شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 جنوری۔2016ء)پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن( پوئپا) اور انٹر نیشل لیبر آرگنائزیشن ((ILOنے روزگار کے لئے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تربیت اور آگاہی کیلئے بڑے پیمانے پر "آگاہی مہم " شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ حکومت سے لائسنس یافتہ مین پاور پروموٹرز کو بھی آگاہی مہم کا حصہ بناتے ہوئے انہیں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سیمینارز اور ورکشاپس میں شرکت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

مشرق وسطیٰ سمیت دیگر ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پوئپا سنٹرل آفس اسلام آباد میں ایک میٹنگ کے دوران کیا گیا۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن( پوئپا)کے مرکزی چئیرمین چوہدری محمد افضل، سینئر وائس چئرمین سرفراز ظہور چیمہ، وائس چئرمین محمد افضل وڑائچ ، سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی ممبرمیکائل خان بنگش، زونل کمیٹی ممبر احمد علی صدیقی جبکہ انٹر نیشنل لیبر آرگنائزیشن آرگنائزیشن کی طرف سے چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر ساوُتھ ایشیا لیبر ما ئیگریشن گورنس پروجیکٹ مس انااینگبلوم اور نیشنل پروگرام آفیسر سعدیہ حمید نے شرکت کی۔

چئرمین چوہدری محمد افضل نے بتایا کہ ہمارا سب سے بڑا مقصد پاکستان اور پاکستانیوں کی خدمت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروموٹرز کی تربیت اور معلومات کے لئے موثر اور منظم پروگرام کا اجراء کیا جائے گا۔جسمیں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

آئی ایل او کی نمائندہ مس انا اور سعدیہ حمید نے کہا کہ پوئپا کے تعاون سے پاکستانی لائسنس یافتہ پروموٹرز کو ہر طرح کی تکنیکی اور تربیتی معاونت فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں اور اس سلسلہ میں تھرڈ ورلڈ مما لک جہاں سے افرادی قوت دوسرے ممالک میں بھیجی جا رہی ہے ان کی نمائندہ تنظیموں سے بھی ان کے رابطے کرائے جائیں گے۔ہماری کوشش ہے کہ دنیا بھر میں مزدوروں کے ساتھ امتیازی سلوک ختم کیا جائے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افرادی قوت مشرق وسطیٰ سمیت پوری دنیا میں ترقی کیلئے بھرپور معاون و ممدو ثابت ہو رہی ہے جس میں پ پوئپا کا کردار قابل تحسین ہے انہوں نے مرکزی چیرمین پوئپا کو آئی ایل او کی طرف سے ہر طرح کے مالی اور تکنیکی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں