تاجر برادری کا باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدیدمذمت ، قو می ایکشن پلان کے مکمل نفاذ کا مطالبہ

جمعرات 21 جنوری 2016 21:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء) تاجر برادری نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک اجلاس میں باچا خان یورنیورسٹی چارسدہ میں ہونے والے دہشت گردو ں کے سفاکانہ حملے کی پرزور انداز میں مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ دہشت گردی کے مسئلے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے قومی ایکشن پلان کے مکمل نفاذ کو یقینی بنائے تاکہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کیا جا سکے انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام تعلیمی اداروں کو فول پروف سیکورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ اس طرح کے افسوس ناک واقعات مستقبل میں دوبارہ پیش نہ آسکیں انہوں نے حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہا ر کیا۔

اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ ، سنیئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے کہا کہ دہشت گردوں کی اس طرح کی بزدلانہ کاروائیاں حکومت اور مسلح افواج کے دہشت گردی کا صفایا کرنے کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں اور یقین دلایا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ملک بھر کی تاجر برادری حکومت ، مسلح افواج اور سیکورٹی ایجنسیز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف حالت جنگ میں ہے اور زور دیا کہ حکومت سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ارد گرد سیکورٹی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنائے کیونکہ قوم کے معمار اس وقت دہشت گردوں کے نشانے پرہے ۔ انہوں نے کہا تمام سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے مناسب حکمت عملی تیار کر کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کی وجہ سے ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو بھی بہت نقصان پہنچتا ہے لہذا ملک کا روشن مستقبل اس مسئلے کے پائیدار حل سے وابستہ ہے۔اس موقع پر تاجر برادری نے باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی پرزور انداز میں ایک مزمتی قرار داد پاس کی اور اس واقعے میں شہید ہونے والوں کے لئے گہر دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور سوگوار خاند انوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔

قرارداد میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پوری حمایت کا یقین دلایا گیا اور اس بات کا مطالبہ کیا گیا کہ قومی ایکشن پلان کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے۔ قرارداد میں ن وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے موجودہ تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔قرار داد میں زور دیا گیا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور معاشرے کے تمام طبقات پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں تاکہ مشترکہ کوششوں سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے اور ملک کو دہشت گردی سے نجات مل سکے قرار میں کہا گیا ہے کہ تاجر برادری چارسدہ کے عوام کے ساتھ ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور مطالبہ کیا گیا کہ ایسی سفاکانہ کارروئیاں کرنے والوں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جائے تا کہ دوسروں کو سبق حاصل ہو۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں