ملک کے مختلف حصوں میں دھند کا راج ، متعدد شہروں میں درجہ حرارت منفی سینٹی گریڈ کو چھونے لگا

جمعہ 22 جنوری 2016 11:24

اسلام آباد/پشاور /ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جنوری۔2016ء ) ملک کے مختلف حصوں میں دھند کا راج برقرار رہا ، سردی نے بھی لوگوں کے کڑاکے نکال دیئے۔ سکردو کا درجہ حرارت منفی بارہ ڈگری سینٹی گریڈ کو چھونے لگا۔ لاہور سمیت بعض شہروں میں سورج گویا روٹھ ہی گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے مزید چند دن شدید سردی کی لہر جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

جدھر دیکھیں دھند ہی دھند اور رگوں میں خون جما دینے والی سردی کاراج ، اسلام آباد سے پشاور موٹر وے پر حد نگاہ پندرہ سے بیس میٹر رہی۔ موٹر وے پولیس نے ڈرائیورز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ۔ شدید دھند نے جڑواں شہروں پر بھی تا حدنگاہ چادر تان لی ، شہر اقتدار کا ہر منظر دھندلا گیا۔ نیشنل ہائی وے پر چیچہ وطنی سے ملتان تک ہر طرف گہری دھند کی وجہ سے ٹریفک رینگنے لگی۔

(جاری ہے)

رحیم یار خان اور صادق آباد کے علاقوں میں بھی دھند نے ہر شے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، حد نگاہ نہ ہونے کے برابر رہی ، ملک کے زیادہ تر علاقوں میں رگوں میں خون جما دینے والی سردی بھی اپنے جوبن پر رہی ۔ لاہور سمیت بیشتر شہروں میں سورج گویا روٹھ ہی گیا۔ پہاڑی علاقوں کو دیکھیں تو پارہ اس حد تک نیچے چلا گیا کہ گھروں اور سڑکوں پر پانی تک جم گیا۔

سکردو ، منفی بارہ سینٹی گریڈ کے ساتھ کم سے کم درجہ حرارت میں پہلے نمبرپر رہا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے اگلے چند روز شدید سردی کی موج مستی جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔پشاورمیں اندرون شہر، جی ٹی روڈ، جمرود روڈ اور کوہاٹ روڈشدید دھندکی لپیٹ میں رہے جبکہ موٹر وے اور چارسدہ روڈ پر بھی شدید دھند رہی۔پشاورکے علاوہ مردان، چارسدہ اورصوابی میں بھی شدیددھند رہی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثرہوئی ۔نیشنل ہائی وے اورموٹروے حکام کی جانب سے شہریوں کوغیرضروری سفرسے گریزکی ہدایت کی گئی جبکہ ڈرائیورحضرات کوفوگ لائٹس استعمال کرنیکی ہدایت بھی کی گئی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں