سینیٹ اجلاس ، متحدہ کا کراچی میں بجلی قیمتوں میں اضافے اور کارکنوں کی گرفتاریوں خلاف ایوان سے واک آؤٹ

جمعہ 22 جنوری 2016 15:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جنوری۔2016ء) سینیٹ سے ایم کیو ایم کا ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں کمی ‘ کراچی میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے اورمتحدہ کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف واک آؤٹ‘ حکومتی سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا ایم کیو ایم کے سینیٹرز کو منا کر ایوان میں واپس لے آئے۔ جمعہ کو سینٹ اجلاس میں وقفہ عوامی اہمیت کے معاملات میں ایم کیو ایم کے سینیٹر کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ پوری دنیا میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں پہلے تیل کی قیمت عالمی مارکیٹ میں 110 ڈالر فی بیرل تھی جو کم ہو کر 26ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو دیا گیا مگر پاکستان میں یہ فائدہ عوام کو دینے کی بجائے حکومت اپنے خزانے میں ڈال رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں دو روپے سے زائد فی یونٹ کمی کی گئی مگر کراچی میں بجلی کی قیمتیں کم کرنے کی بجائے 57 پیسے بڑھا دی گئی‘ حکومت کراچی کی دشمنی پر مبنی پالیسی پر کب تک گامزن رہے گی۔

کراچی میں متحدہ کے بے قصور کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے مگر وفاقی دارالحکومت میں مولانا عبدالعزیز داعش کی حمایت کررہے ہیں لیکن حکومت ان کو گرفتار نہیں کرتی کیونکہ حکومت ان سے ڈرتی ہے ہم حکومت کی کراچی دشمن پالیسیوں کے خلاف ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہیں جس کے بعد ایم کیو ایم کے سینیٹرز نے ایوان سے علامتی واک آؤٹ کیا جس پر چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے قائد ایوان راجہ ظفر الحق کو ہدایت کی کہ وہ جائیں اور ایم کیو ایم کے سینیٹرز کو منا کر ایوان میں واپس لائیں جس پر حکومتی سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا ایم کیو ایم اراکین کو منا کر ایوان میں واپس لے آئے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں