اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں پرویز مشرف کو ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ دیدیا

جمعہ 22 جنوری 2016 22:00

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جنوری۔2016ء ) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر دو کے جج سہیل اکرام نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف درج ججز نظر بندی کیس میں مذید ایک روزہ حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 12فروری تک ملتوی کردی ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو عدالت نے مقدمہ کی سماعت کی تو سابق صدر کے وکیل الیاس صدیقی کے جونیئر راجہ جمیل ایڈوکیٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کی تازہ میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے انہیں ایک دن حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی ۔

سماعت کے دوران پبلک پراسیکوٹر ندیم احمد تابش نے مذکورہ درخواست پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 45سماعتوں پر سابق صدر عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور ہر سماعت پر میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کر دی جاتی ہے ۔عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 12فروری تک ملتوی کر دی ۔عدالت نے سابق صدر کے ورانٹ گرفتاری کی منسوخی کے لئے دائر درخواست بھی سماعت کے لئے منظور کر لی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں