اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں دھند کا راج ، سردی نے ڈیرے ڈال لئے ،نظام زندگی مفلوج ،فلائٹ آپریشن معطل

دھند کے باعث بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ سمیت متعددائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معطل ، درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار ، کئی منسوخ،دھند کے باعث موٹر وے ،نیشنل ہائی وے اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ،محکمہ موسمیات کی پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی

اتوار 24 جنوری 2016 11:18

اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں دھند کا راج ، سردی نے ڈیرے ڈال لئے ،نظام زندگی مفلوج ،فلائٹ آپریشن معطل

اسلام آباد /پشاور /چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جنوری۔2016ء) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ، دھند کے باعث بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ سمیت متعددائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معطل ہوگیا ، درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ کئی منسوخ کردی گئیں ، دھند کے باعث موٹر وے ،نیشنل ہائی وے اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی ،محکمہ موسمیات نے پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ۔

اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے ۔ موٹر وے ،نیشنل ہائی وے اور جی ٹی روڈ پر دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی ۔

(جاری ہے)

نیشنل ہائی وے پر ساہیوال ، خانیوال ، لودھراں اور بہاولپور میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی ۔موٹر وے پر پنڈی بھٹیاں انٹرچینج سے فیصل آباد تک حدِ نگاہ سے 20 سے 30 میٹر رہی ۔ موٹر وے ایم 2 پرکلرکہار سے چکری تک حدِ نگاہ 20 میٹر رہی جبکہ فیصل آباد سے گوجرہ تک حد نگاہ 25 میٹر رہ گئی ۔

موٹروے اور نیشنل ہائی وے حکام کی جانب سے ڈرائیورز کو گاڑیوں کی رفتارآہستہ رکھنے اورفوگ لائٹس استعمال اور غیرضروری سفرسے گریز کی ہدایات کی گئی ۔سب سے کم حد نگاہ فیصل آباد20میٹر جبکہ سیالکوٹ،پشاور، راولپنڈی اور بہاولپور میں 50 اسلام آباد 60 ،جھنگ 80، منگلہ،ملتان،ڈیرہ غازی خان 100 ،جہلم،گجرات،گوجرانوالہ 200،شہید بے نظیر آباد 400 اور سکھر میں 600میٹر رہی۔

ڈرائیور حضرات محتاط ڈرائیونگ کریں۔ ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت میں سکردو منفی 12، ہنزہ منفی 10،استور منفی 09، گوپس منفی 08، گلگت منفی 06،کالام منفی 05 ، کوئٹہ ، دیر ،پاراچنار، راولاکوٹ منفی04،مالم جبہ، کاکول، قلات منفی02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ تاہم پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اگلے دو سے تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ دھند کے باعث اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن ر ک گیا ۔ بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پر آنے والی 6فلائٹس منسوخ اور 20فلائٹس تاخیر کا شکار ہوئی ۔ اسی طرح ائرپورٹ سے جانے والی 19فلائٹس تاخیر کا شکار جبکہ 8فلائٹس منسوخ ہوئی ۔گلگت،کوئٹہ ، دبئی ، ابوظہبی اور شارجہ کی فلائٹس منسوخ ہوگئی ۔ دبئی ،دوحہ ،جدہ ، ابو ظہبی ، لندن، برمنگھم ، مدینہ ،استنبول اور کویت سے اسلام آباد آنے والی فلائٹس تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ دبئی،دوحہ ، ابوظہبی ، ریاض ، کویت ،استنبول ، برمنگھم ،پیرس، کراچی ، دمام اور مانچسٹر جانے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں