ایس ایم ایز کا شعبہ محاصل اوربرآمدات بڑھانے کے علاوہ روزگار کے مواقع فراہم کر نے میں مدد دے سکتا ہے، میاں شاہد

ملک کی سلامتی کی صورتحال بہتر ہو جائے گی اور امن اور استحکام کیلئے جامع منصوبہ بنایا جائے ٗ بیان

اتوار 24 جنوری 2016 16:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جنوری۔2016ء)یونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کے چئیرمین میاں شاہد نے کہا ہے کہ ایس ایم ایز کا شعبہ محاصل اوربرآمدات بڑھانے کے علاوہ روزگار کے مواقع فراہم کر کے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کر نے میں مدد دے سکتا ہے ملک کی سلامتی کی صورتحال بہتر ہو جائے گی اور امن اور استحکام کیلئے جامع منصوبہ بنایا جائے ۔

اتوار کو یہاں جاری بیان میں میاں شاہد نے کہا کہ ایس ایم ایز کیلئے الگ وزارت بنائی جائے یاسمیڈا کے بجٹ اور اختیارات میں اضافہ کیا جائے تاکہ موجودہ مسائل کا خاتمہ اور ملکی ترقی کا عمل تیز کیا جا سکے۔چار فیصد کاروبار کرنے والے شعبوں کو توجہ دینا اچھا ہے مگر چھیانوے فیصد سے زیادہ کاروبار ایس ایم ایز کے زمرے میں آتے ہیں جن کونظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مینوفیکچرنگ کی بڑی صنعتیں بھی اپنا وجود قائم رکھنے کیلئے ایس ایم ایز کی محتاج ہیں جبکہ اس شعبہ کوویلیو ایڈیشن ،فنانسنگ اور تربیت یافتہ افرادی قوت کے مسائل کا سامنا ہے جبکہ توانائی بحران اور بجلی کی بڑھتی قیمت نے بھی ترقی کا راستہ روک رکھا ہے۔سمیڈا اس سلسلہ میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے مگر اسے وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔انھوں نے کہا کہ کمرشل بینک ایس ایم ایز کو قرضے نہیں دیتے جسکی وجہ سے انکی ترقی پر منفی اثر پڑتا ہے۔ سٹیٹ بینک اس سلسلہ میں قابل قدر کوششیں کر رہا ہے مگر ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔جی ڈی پی میں تیس فیصد حصہ رکھنے والے ایس ایم ایز کیلئے الگ انڈسٹریل سٹیٹس بنانے پر بھی غور کیا جائے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں