آرمی چیف کے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے فیصلہ پر افسوس ہوا ،یہ ان کا ذاتی حق ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں، ہمارے فیصلوں کی بنیاد سب سے پہلے پاکستان ہونا چاہیے،سانحہ چارسدہ میں ’’را‘‘ اور افغان خفیہ ایجنسی ملوث ہیں،حافظ سعید دہشت گرد نہیں، مسعود اظہر دہشت گرد ہے حکومت پاکستان ایکشن لے،اسے بھارت کے حوالے نہ کیاجائے ،مساجد آبادہونے کیلئے قائم کی جاتی ہیں،کبھی کسی مسجد کے خلاف نہیں ہوسکتا ، حکومت لال مسجد میں ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کے خلاف اقدامات کرے

آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل(ر) پرویز مشرف کی اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد سے گفتگو

پیر 25 جنوری 2016 21:53

اسلام آباد/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرف سے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے فیصلہ پر افسوس ہوا ،یہ ان کا ذاتی حق ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں، ہمارے فیصلوں کی بنیاد سب سے پہلے پاکستان ہونا چاہیے،سانحہ چارسدہ میں ’’را‘‘ اور افغان خفیہ ایجنسی ملوث ہیں،حافظ سعید دہشت گرد نہیں، مسعود اظہر دہشت گرد ہے اس حوالے سے حکومت پاکستان ایکشن لے،اسے بھارت کے حوالے نہیں کیاجانا چاہیے،مساجد آبادہونے کیلئے قائم کی جاتی ہیں،میں کبھی کسی مسجد کے خلاف نہیں ہوسکتا ، حکومت لال مسجد میں ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کے خلاف اقدامات کرے۔

وہ پیر کو اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹرمحمد امجد سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر قوم کا مورال بلند کیا ہے، وہ ایک محب وطن اور قابل جرنیل ہیں،اسی لئے انہوں نے ملکی حالات کو خوش کن جہتوں سے روشناس کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ وہ ملک کو بہتری کے راستے پر لے جانے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں،اس لئے ان کی مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے فیصلے پر افسوس ہوا۔

سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے کہ توسیع لیں یا نہ لیں تاہم ہمیں اپنے فیصلے سب سے پہلے پاکستان کی بنیاد پر کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ چارسدہ میں باچا خان یونیورٹی پر حملہ میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اور افغان خفیہ ایجنسی کا ہاتھ ہے۔پرویز مشرف نے کہاکہ نہیں سمجھتا کہ حافظ سعید دہشت گرد ہیں،مسعود اظہر ایک دہشت گرد ہے جس نے مجھ پر بھی حملہ کیاتھا،مسعود اظہر کے خلاف حکومت کو خود ایکشن لینا چاہیے نہ کہ اسے بھارت کے حوالے کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مساجد آباد ہونے کیلئے بنائی جاتی ہیں اور کوئی بھی مسلمان یہ کبھی نہیں سوچ سکتا کہ کسی مسجد کو بند کردیا جائے، میں کبھی کسی مسجد کے خلاف نہیں ہوسکتا تاہم لال مسجد کی اوٹ میں بیٹھے کچھ عناصر حکومتی رٹ کو چیلنج کررہے ہیں۔سابق صدرجنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ مولانا عبدالعزیز نے خود آئی ایس ایس کے ساتھ اپنے تعلقات کا اظہار کیاہے، عجیب بات ہے کہ حکومت اس پرکوئی اقدامات نہیں کررہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں