اسلام آباد ٗ حریت کانفرنس آزاد کشمیر کا بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصر دفتر کے سامنے مظاہرہ

مظاہرین نے بازوؤں پرکالی پٹیاں باندھی ہوئی تھیں ٗ آزادی اور پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بازی

منگل 26 جنوری 2016 18:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر نے بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ایک یادداشت پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں کر دارادا کرے ٗ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ہونے والی انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے ۔

منگل کو کشمیریوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر ، آزاد کشمیر ، پاکستان اور دنیا بھر میں بھارت کایوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طورپر منایا ۔ مظاہرے کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر میر طاہر مسعودنے کی۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں شامل حریت رہنماؤں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خود کو جمہوری ملک کہلانے کا حق نہیں رکھتا کیونکہ وہ کشمیریوں کے خلاف طاقت کاوحشیانہ استعمال کر رہا ہے اور اس نے حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت کئی بے گناہ کشمیریوں کو نظر بند کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا بھارت تحریک آزادی کو دبانے کے لیے خواتین کی بے حرمتی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ مقررین نے عالمی بردری سے اپیل کی کہ وہ بے گناہ کشمیریوں پر ظلم ستم کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔انہوں نے تحریک آزادی منطقی انجام تک جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

آخر میں کنوینئر میر طاہر مسعودنے اقوام متحدہ کے دفتر میں ایک یاد داشت پیش کی جس میں عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل بان کی مون پر زور دیا گیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین کے خاتمے، غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی اور بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

اس موقع پر سید یوسف نسیم ، حسن البناء ، سید اعجاز رحمانی ، محمد شفیع ڈار ، جے کے ایل ایف کے وائس چیئرمین سلیم ہارون، پاکستان مسلم لیگ نواز کے پیر علی رضابخاری ،پاکستان پیپلز پارٹی کے سید رشید کاظمی سمیت دیگر سیاسی اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی ۔مظاہرین نے بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے اور بازوؤں پرکالی پٹیاں باندھی ہوئی تھیں اور انہوں نے آزادی کشمیر اور پاکستان کے حق میں زبردست نعرے لگائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں