چینی نئے سال کے خیر مقدم کے لئے پاکستان میں چینی ثقافتی تقریبات کا آغاز

چین کا نیا سال ذہانت ، خوشحالی اور خوش قسمتی کی علامت ہے ،نیا سال پاکستانی اور چینی عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنائے گا۔ چینی سفارتخانے کے ثقافتی کونسلر کی پریس بریفنگ

منگل 26 جنوری 2016 21:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء/شنہوا) چین کے نئے سال کا خیر مقدم کرنے کے لئے پاکستان میں چینی ثقافتی مرکز اور پاکستانی اداروں کی جانب سے متعدد ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائیگا۔منگل کو چینی سفارتخانے کے ثقافتی کونسلر نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے ڈائریکٹر جنرل محمد نعیم کے ہمراہ چین کے 8فروری سے شروع ہونے والے بندر کے سال کی مناسبت سے ترتیب دی گئی مختلف ثقافتی تقریبات کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں ۔

چینی کونسلر ینگ گوجنگ نے چینی جشن بہاراں کے بارے میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ چین میں شروع ہونے والا بندر کا سال ذہانت ، خوشحالی اور خوش قسمتی کی علامت ہے اور نیا آنے والا سال کامیابیاں ، ہم آہنگی اور دونوں ممالک میں لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر کرنے کا سال ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ثقافتی تقریبات میں پاکستان اور چین کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے ۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چینی جشن بہارا ں کے حوالے سے منعقد ہونے والی ثقافتی تقریبات پاکستانی عوام کو چینی ثقافت کی سمجھ بوجھ پیدا کرنے کے لئے مددگار ثابت ہوں گی ۔اس موقع پر پی این سی اے کے ڈی جی محمد نعیم نے چینی جشن بہاراں کی خوشیاں منانے والوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا شروع ہونے والا سال پاکستان اور چین کے عوام کے لئے امن ، خوشحالی اور خوشیوں کا سال ہو گا ۔

پاکستان میں چینی ثقافتی مرکز، وزارت اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ، پی این سی ا ے اور دیگر پاکستانی اداروں کے ہمراہ ملک کے مختلف کے شہروں میں ثقافتی تقریبات کا اہتمام کیا جائیگا۔اس حوالے سے چین کی جانب سے بچوں کے لئے لاہور ، اسلام آباد میں خصوصی شوز بھی پیش کئے جائیں گے ۔تقریبات میں ایک ہفتہ چینی فلموں ، پاک چائنہ میوزک بینڈ، ورائٹی شوز ، لالٹین کے سال کو منانے کے لئے نمائش اور شاہراہ ریشم کی سجاوٹ کے حوالے سے مختص کیا گیا ہے ۔

12حصوں پر مشتمل ڈاکومنٹری’’دی فار بی ڈن سٹی‘‘ اور پی ٹی وی پر ایک چائنیز کوکنگ شو فروری کے پہلے ہفتے میں نشر کیا جائیگا۔ پریس بریفنگ کے دورا ن چینی عوام کی جانب سے نئے سال کے جشن کے حوالے سے مختلف تقریبات پر مشتمل ڈاکو منٹری بھی دکھائی گئی۔اس حوالے سے پہلی چینی ثقافتی تقریب کا اہتمام منگل کے روز اسلام آباد میں منعقد کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں