آصف علی زرداری کا پنجابی کی معروف شاعرہ نسرین انجم بھٹی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

منگل 26 جنوری 2016 21:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء ) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پنجابی کی معروف شاعرہ نسرین انجم بھٹی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ جنرل ضیاالحق کے مارشل لاء کے دور میں جب چیئرمین ذوالفقار علی بھٹوشہید کا عدالتی قتل ہوا تو نسرین انجم بھٹی نے سرکاری ملازم ہونے کے باوجود اپنی شاعری کے ذریعے قائدعوام کو خراج تحسین پیش کیا۔

ان کی یہ نظم"میں مرزا ساگر سندھ دا‘‘،’’میری راول جنج چڑھی"۔جمہوریت کے لئے جدوجہد کرنے والوں اور آمریت کی مزاحمت کرنے والوں کو حوصلہ دیتی رہی۔ نسرین انجم بھٹی نے جنرل ضیاالحق کے مارشل لاء کے خاتمہ اور جمہوریت کی بحالی کے لئے بڑی بہادری سے جدوجہد کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے خواتین کے حقوق کے لئے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ ریڈیو پاکستان کی ملازمت میں ہوتے ہوئے نسرین انجم بھٹی کو بطور سزا دوردراز مقامات پر ٹرانسفر کیا گیا مگر اس نے غیرجمہوری قوتوں کے خلاف نظم اور نثر میں لکھنا بندنہ کیا۔

سابق صدر پاکستان نے نسرین انجم بھٹی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی سیاسی کارکنوں کو تادیر محسوس ہوتی رہے گی۔ موجودہ دور کے سیاسی کارکنوں کو اس کی سیاسی جدوجہد سے سبق سیکھنا چاہیے۔ سابق صدر پاکستان نے مرحومہ کی مغفرت اور ان کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں