نیب کا ڈاکٹر عاصم کی مبینہ کرپشن اور ایل این جی کے معاہدے میں گڑبڑ کی اطلاعات پر وزارت پٹرولیم میں تحقیقات کا آغاز، اہم ریکارڈ تحویل میں لے لیا

و زیر پٹرولیم نے چیئرمین نیب کو خط لکھ کر ایل این جی معاہدے بارے از خود بریفنگ دینے کی پیشکش کی تھی، ذرائع

بدھ 27 جنوری 2016 18:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی مبینہ کرپشن اور ایل این جی کے معاہدے میں مبینہ گڑبڑ کی اطلاعات پر وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل میں تحقیقات شروع کر دیں اور نیب کے سینئر حکام نے 6 گھنٹے تک وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور وزارت کے دیگر سینئر حکام سے ملاقات کی ہے۔

جس میں وفاقی وزیر اور سینئر افسران نے نیب حکام کو ایل این جی معاہدے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ڈاکٹر عاصم سے متعلق ریکارڈ بھی نیب حکام نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ باخبر ذرائع نے ’’اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء ‘‘ کو بتایا کہ وفاقی و زیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ ماہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے میڈیا میں گردش کرتی ایل این جی معاہدے بارے رپورٹس کے بعد از خود نیب کو بریفنگ دینے کی پیشکش کی تھی اور یہ موقف اختیار کیا تھا کہ ایل این جی کے بارے میں میڈیا غلط رپورٹنگ کر رہا ہے اور اگر نیب نے اس معاملہ کو غلط انداز میں لیا تو توانائی کے بحران پر قابو پانے میں شدید مشکلات پیش آ سکتی ہیں جس کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پر نیب کے سینئر حکام نے وزارت پٹرولیم کا تفصیلی دورہ کیا اور 6 گھنٹے تک وہ وزارت میں موجود رہے جہاں انہیں وزیر پٹرولیم اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام نے ایل این جی معاہدے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی او راس کی قیمت کے تعین ‘ معاہدے کو شفاف بنانے‘ ای سی سی سے منظوری اور دیگر تمام ریکارڈ اور دستاویزات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کی بریفنگ کے بعد نیب حکام نے سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے دور میں اہم فیصلوں سے متعلق ریکارڈ بھی طلب کی ۔ وفاقی وزیر نے وزارت کے افسران کو نیب سے مکمل تعاون کی ہدایت کی۔ زرائع کے مطابق نیب حکام جلد اپنی رپورٹ ڈی جی نیب راولپنڈی ظاہر شاہ کو پیش کر دیں گے جس کے بعد ڈی جی نیب ایل این جی معاہدے اور ڈاکٹر سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ چیئرمین کو بھجوائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں