رینٹل پاوراسکینڈل ، قومی احتساب بیورو کی سابق صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین کے بیٹے کی نشاندہی پر گھر کی تلاشی کیلئے جانے والی ٹیم پر گھریلو ملازمین کا تشدد ،نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر اصغر خان شدید زخمی ، مقامی ہسپتال منتقل

نیب کی ٹیم نے بلا اجازت کارروائی کی جس سے افسوسناک واقعہ پیش آیا، وزیر اطلاعات سردار عابد

بدھ 27 جنوری 2016 18:09

میرپور/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء) قومی احتساب بیورو(نیب) کے پاس رینٹل پاوراسکینڈل میں گرفتار سابق صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین کے بیٹے راجہ بابر کی نشاندہی پر ان کے گھر کی تلاشی کیلئے جانے والی نیب کی ٹیم پر سابق صدر کے گھریلو ملازمین نے تشدد کیا،جس سے نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر اصغر خان شدید زخمی ہو گئے جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا،زخمی ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ پولیس اور مجسٹریٹ کی موجودگی میں مجھ پر تشدد کیا گیا جبکہ آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات سردار عابد نے کہا کہ نیب کی ٹیم نے بلا اجازت کارروائی کی جس سے افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین کے بیٹے راجہ بابر علی کو رینٹل پاور اسکینڈل میں نیب نے گرفتار کررکھا ہے اور وہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں، ملزم کی نشاندہی پر ڈپٹی ڈائریکٹر اصغر خان کی سربراہی میں نیب کی ایک ٹیم راجہ ذوالقرنین کے گھر کی تلاشی کیلئے میرپورگئی جہاں مقامی پولیس کو ساتھ لے کر نیب ٹیم راجہ ذوالقرنین کے گھر پہنچی، اس دوران موجود گھریلو ملازمین نے نیب کی ٹیم کے ساتھ جھگڑا شروع کر دیا اور بعد ازاں نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر اصغر خان پر تشدد شروع کر دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے اور انہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمی ہونے والے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب نے کہا کہ مقامی پولیس نے حملہ آوروں کو روکنے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا اور ملزم کے گھر موجود ملازمین کو روکا تک نہیں، حالانکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف حکومت آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات سردار عابد نے کہاکہ نیب کی ٹیم بغیر اطلاع کے میرپور آئی اور سابق صدر کے گھر داخل ہونے کی کوشش کی جس کے باعث یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوا، آزاد کشمیر میں احتساب کا نظام موجود ہے اور ریاست کے اندر اگر کسی دوسرے علاقے کی پولیس یا کسی تفتیشی ادارے کو کوئی کارروائی مقصود ہو تو اس سے قبل ریاست کے متعلقہ اداروں سے اجازت لینا ضروری ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں