جمہوریت کیلئے صحافیوں کی خدمات قابل قدر ہیں، مشکلات سے آگاہ ہیں ٗ ویج بورڈ کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ٗرضا ربانی

جدوجہد آزادی سے لے کر جمہوریت کی بحالی تک صحافیوں کی خدمات قابل قدر ہیں ٗ چیئر مین سینٹ کانیشنل پریس کلب کی نومنتخب باڈی کی تقریب حلف برداری سے خطاب

بدھ 27 جنوری 2016 18:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ جمہوریت کے لئے صحافیوں کی خدمات قابل قدر ہیں، صحافیوں کی مشکلات سے آگاہ ہیں اور ویج بورڈ کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ بدھ کویہاں نیشنل پریس کلب کی نومنتخب باڈی کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ جدوجہد آزادی سے لے کر جمہوریت کی بحالی تک صحافیوں کی خدمات قابل قدر ہیں ، صحافیوں نے قید و بند کی صعوبتیں اٹھائیں اور کوڑے کھائے۔

انہوں نے کہا کہ کئی صحافیوں نے اس کٹھن راستے پر جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ صحافیوں کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ سیکورٹی کے مسائل ہوں یا تنخواہوں کے وہ صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ویج بورڈ کی تشکیل تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انوسٹی گیٹو رپورٹنگ کے دوران ہمارے بہت سے صحافی شہید ہوئے، صحافیوں کی سیکورٹی ایک بڑا مسئلہ ہے اور صحافی ان تمام سیکورٹی خدشات کے باوجود حق و صداقت کی بات لکھنے سے نہیں ڈرتے جو قابل ستائش ہے۔

انہوں نے صحافیوں کو تنخواہیں نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ پریس کلب کے نومنتخب صدر شکیل انجم نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے نومنتخب سیکریٹری عمران یعقوب ڈھلوں، سابق صدر شہر یار خان اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ سمیت مختلف صحافی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں