ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پاکستان کی تیار کردہ نہیں، اس کو امریکہ سمیت پوری دنیا میں اہمیت دی جاتی ہے ، بھارت کرپشن کے حوالے سے اسی نمبر پر ہے جس پر پچھلے سال تھا، پاکستان میں حالات بہتری کی جانب گامزن ہوئے ہیں

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کی نجی ٹی وی سے گفتگو پاکستان کا ذکر کرپٹ ترین ممالک میں آتا ہے ،کرپشن میں کمی پر بھارت اور سری لنکا ہم سے آگے ہیں ، ایسی صورتحال پر زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں ، حکومت عمران خان کے ہنڈی کے ذریعے پیسہ منگوانے کے ثبوت لائے ،شفقت محمود

بدھ 27 جنوری 2016 22:47

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پاکستان کی تیار کردہ نہیں،ا ان کی تیار کردہ رپورٹس کو امریکہ اور یورپ سمیت پوری دنیا میں اہمیت دی جاتی ہے ، بھارت کرپشن کے حوالے سے اُسی نمبر پر ہے جس پر پچھلے سال تھا جب کہ پاکستان میں حالات بہتری کی جانب گامزن ہوئے ہیں ، تحریک انصاف کے رہنماء شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کا ذکر کرپٹ ترین ممالک میں آتا ہے یہ وہی ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل ہے جس نے افتخار چوہدری کو ایماندر ترین شخصیت کے خطاب سے نوازا تھا، جب کہ اس کے بیٹے ارسلان افتخار پر اربوں روپے کرپشن کے الزامات ہیں ،اس رپورٹ کے مطابق کرپشن میں کمی پر بھارت اور سری لنکا ہم سے آگے ہیں ، ایسی صورتحال پر زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کررہے تھے ۔ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں حالات بہتر ہوئے ہیں ۔ بھارت کرپشن سے متعلق رپورٹ میں اسی درجے پر برقرار ہے جس پر پچھلے سال تھا جب کہ پاکستان میں بہتری آئی ہے ۔ یہ رپورٹ پاکستان کی تیار کردہ نہیں ہے اس پر اعتراض کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس میں جو کچھ کہا وہ الیکشن کمیشن کے دفتر میں جا کر بھی کہہ سکتا ہوں ۔ عمران خان نے خود رقم ہنڈی سے لانے کا اعتراف کیا ہے ۔ پرویز رشید نے کہا کہ آڈٹ رپورٹ میں کہیں کوئی کرپشن کے بارے میں نہیں کیا گیا ۔ پرویز رشید نے کہا کہ بچوں کی زندگی محفوظ بنانے کے لئے تعلیمی ادارے دنیا کے دیگرممالک میں بھی بند ہوتے ہیں گزشتہ دنوں امریکہ میں بھی سیکیورٹی خدشات پر اسکول بند کیے گئے تھے۔

ہمارے لئے بچے بہت زیادہ اہم ہیں ۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان کا ذکر دنیا کے کرپٹ ترین ممالک میں آتا ہے ۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی نظر سے شاہد کچھ معاملات نہیں گزرے ہیں ۔ پاکستان کا شمار ریڈزون میں ہوتا ہے جب کہ بھارت اور سری لنکا ہم سے آگے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال پرزیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے یہ وہی ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل ہے جس نے افتخار چوہدری جیسے شخص کو ایماندار ترین شخصیت کے خطاب سے نوازا تھا اور دوسری طرف اس کے بیٹے ارسلان افتخار پر اربوں روپے کرپشن کے الزامات ہیں ۔

شفقت محمود نے کہا کہ عام لوگوں سے معلوم کیا جائے تو لوگ چیخ چیخ کر کرپشن سے متعلق بتائیں گے انہوں نے کہا کہ پرویز رشید نے ہنڈی سے پیسے لانے کا الزام لگایا ہے تو وہ ثابت بھی کریں اور ثبوت لے کر عدالت جائیں ۔ شفقت محمود نے کہا کہ کسی اورشخص کے نام پر باہر سے پیسے منگوانا ہنڈی نہیں ہے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں