ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل پاکستان میں کرپشن کی روک تھام کیلئے اقدامات پر ہمیں کریڈٹ دیا، پیپلز پارٹی انسداد بد عنوانی سے متعلق اقدامات کے راستے میں آئینی اور قانونی رکاوٹیں حائل کررہی ہے

سماجی حلقوں اور سول سوسائٹی کے ارکان کا نیب کی صوبوں میں کارروائیاں محدود کرنے سے متعلق ترمیمی بل کی منظوری پراظہار حیرت

بدھ 27 جنوری 2016 22:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی طرف سے قومی احتساب بیورو(نیب) کی صوبوں میں کارروائیاں محدود کرنے سے متعلق ترمیمی بل کی منظوری پر سماجی حلقوں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل پاکستان میں کرپشن کی روک تھام کے لئے کئے گئے اقدامات پر ہمیں کریڈٹ دے رہی ہے اور ہماری رینکنگ میں بہتری آ ئی ہے جبکہ دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر انسداد بد عنوانی سے متعلق اقدامات کی راستے میں آئینی اور قانونی رکاوٹیں حائل کرنے کے لئے کوشاں ہیں، سماجی حلقوں نے قائمہ کمیٹی میں سینیٹر تاج حیدر کے قومی احتساب ترمیمی بل پیش کرنے اور ارکان کی طرف سے بل کی حمایت کو کرپشن پر پردہ ڈالنے اور اسے فروغ دینے کے مترادف قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ احتساب وفاق اور صوبے کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک قومی ذمہ داری ہے جس کو ادا کر کے ہی ملک کو کرپشن سے پاک کرتے ہوئے اسے ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر نے سینٹ میں نیب کے اختیارات کو محدود کرنے اور اسے صوبائی معاملات میں مداخلت سے روکنے سے متعلق بل پیش کیا تھا جسے چئیر مین نے قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا اور اب قائمہ کمیٹی میں اس بل کے حق میں پانچ ارکان نے ووٹ دیا جبکہ چار ارکان نے مخالفت کی ، ایک ووٹ کی برتری سے بل کو منظور کر لیا گیا ہے۔اب کمیٹی یہ بل ایوان کو بھیجے گی ایوان سے منظوری کے بعد بل کو قومی اسمبلی میں منظوری کے لئے بھیجا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں