مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاءمیں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لئے پاکستان اور عراق کے مابین تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی بغدادمیں عراقی صدر سے ملاقات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 28 جنوری 2016 20:23

مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاءمیں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لئے پاکستان اور عراق کے مابین تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی بغدادمیں عراقی صدر سے ملاقات

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 جنوری۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاءمیں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لئے پاکستان اور عراق کے مابین تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار عراق کے صدر فواد معصوم سے بغداد میں ہونے والی اپنی ملاقات میں کیا۔ یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی ان دنوں 11ویں اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لئے عراق کے دورہ پر ہیں۔

بغداد سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے خطے میں امن و امان کی صورتحال ، دونوں ممالک میں تجارتی حجم میں اضافے اور افرادی قوت کی ترقی کے لئے قریبی تعاون اور اجتماعی کوششوں پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور عراق کے مابین مذہب، ثقافت اور تاریخ کی مضبوط بنیادوں پر استوار برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ تجارتی ، معاشی و سماجی شعبہ جات میں تعاون دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دینے اور دونوں اقوام کے بہترین مفاد کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

ملاقات میں دونوں رہنماﺅں کی توجہ کا مرکز مشرق وسطیٰ اور افغانستان سمیت جنوبی ایشیاءمیں امن و امان کی موجودہ صورتحال رہی اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں دونوں رہنماﺅں نے خطے اور تیسری دنیا کی عوام کو درپیش مسائل اور لاحق خطرات کو کم کرنے اور معیار زندگی کو بہتر بنانے پر سیر حاصل گفتگو کی۔

سپیکر ایاز صادق نے عراق کی سلامتی کو لاحق خطرات کو کم کرنے میںعراقی حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ عراقی عوام اور حکومت کی مسلسل کاوشوںکی بدولت عراق کو اس بھنور سے نکلنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔اس حوالے سے عراقی صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے ملک کے شورش زدہ علاقوں میں امن قائم کرنے اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے قومی ایکشن پلان کے تحت انتہائی مثبت اقدامات اٹھائے ہیںجن کی وجہ سے دہشت گرد ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہیں۔

عراقی صدر نے سپیکرایاز صادق کی دونوں ممالک کے مابین روابط کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ انہوں نے عراق کی ترقی اور خوشحالی کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی ، خدمات اور تعلیم کے شعبہ جات میں پاکستان کی جانب سے تعلیم یافتہ اور ہنر مند افرادی قوت کی خدمات کی پیش کش کو بھی سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں