حکومت وضاحت کرے کہ اس نے پیپلز پارٹی کے ساتھ کیا مک مکا کیا ، حکمرانوں کے آپس کے مک مکا کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑتا ہے

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کی مرکزی شعبہ اطلاعات سے گفتگو

جمعہ 29 جنوری 2016 21:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ حکومت وضاحت کرے کہ اس نے پیپلز پارٹی کے ساتھ کیا مک مکا کیا ہے، حکمرانوں کے آپس کے مک مکا کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑتا ہے،وفاقی وزیر داخلہ کے اعتراف سے ثابت ہوا دونوں جماعتیں مل کر قوم کو بے وقوف بنارہی ہیں،حقائق سامنے آنے پر عوام حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔

وہ جمعہ کو پارٹی کے مرکزی شعبہ اطلاعات سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی سے کہہ رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ اندر سے ملی ہوئی ہیں۔ان کے مقاصد مشترکہ ہیں۔انہوں نے ایک دوسرے کو تحفظ دینے کا عہد کررکھا ہے۔دونوں جماعتوں کے قائدین پیسے کی ہوس میں اندھے ہوکر عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کی طرف سے دونوں جماعتوں کے مابین مک مکا کے اعتراف کے بعد ن لیگ کا حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں رہا۔

یہ قوم کے ساتھ بھیانک مذاق ہے۔یہ انتہائی شرمناک ہے کہ عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، سیکیوریٹی خدشات کی بنا پر تعلیمی ادارے بند کئے جارہے ہیں اور حکمران ایک دوسرے کی بداعنوانیوں کو تحفط دے رہے ہیں۔قوم ہمیشہ سے ان دونوں جماعتوں کے مفادات کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اسے چلتا کریں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں