ایکنک نے صحت، توانائی، مواصلات اور زراعت کے لئے اربوں روپے مالیت کے متعدد منصوبوں کی منظوری دیدی

31 ارب81 کروڑ روپے کاپولیو کے خاتمہ کے لئے 2016-18 ایمرجنسی پلان ، 8 ارب78 کروڑ روپے کاپنجاب اقتصادی مواقع ، 3 ارب61 کروڑ کا اسلام آباد سے برہان تک220 کے وی ٹرانسمیشن لائن بچھانے، 26 ارب 8 کروڑکا، 128 میگا واٹ خیال خوڑ ہائیڈرو پاوراور 17 ارب58 کروڑ کا نیلم پاور منصوبہ شامل

جمعہ 29 جنوری 2016 22:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء ) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک )نے صحت، توانائی، مواصلات اور زراعت کے لئے اربوں روپے مالیت کے متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی، ایکنک نے پولیو کے خاتمہ کے لئے 2016-18 ایمرجنسی پلان کے لئے 31 ارب81 کروڑ ،پنجاب اقتصادی مواقع کے پروگرام کے لئے 8 ارب78 کروڑ کی منظوری دی، اسلام آباد سے برہان تک220 کے وی ٹرانسمیشن لائن کے لئے 3 ارب61 کروڑ منظور کیے، 128 میگا واٹ خیال خوار ہائیڈرو پاور منصوبے کے لئے 26 ارب 8 کروڑ اور آزاد کشمیر کے وادی نیلم کے لئے 17 ارب58 کروڑ کی بھی منظوری دے دی گئی ۔

جمعہ کو وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں پولیو کے خاتمہ کے لئے ایمرجنسی پلان کے تحت2016-18 کے پروگرام کے لئے 31 ارب81 کروڑ کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

منصوبہ پر عملدرآمد کی ذمہ داری وزارت صحت کی ہو گی ۔ یونیسیف وکسین کی خریداری کرے گا اور سماجی آگاہی کی سرگرمیاں کرے گا۔ ڈبلیو ایچ او منصوبے کی نگرانی کرے گا ۔

ایکنک نے پنجاب کے لئے اقتصادی مواقع پروگرام کے لئے 8 ارب 78 کروڑ کی منظوری دی ۔ منصوبہ کے تحت145000 زرعی اور دیہاتی سیکٹرز کے لوگ مستفید ہوں گے۔ منصوبہ بندی اور ترقی منصوبے پر حکومت پنجاب کی وزارت منصوبہ بندی و ترقی عملدرآمد کرے گی ۔ منصوبے کے تحت کسانوں کے لئے سروس ڈلیوری کو بہتر کیا جائے گا اور رول بزنس مراکز بنائے جائیں گے ۔ ایکنک نے اسلام آباد سے برہان تک 220 کے وی ٹرانسمیشن نیٹ ورک کے لئے 3 ارب61 کروڑ کی منظوری دی ۔

منصوبہ تین سال میں مکمل ہو گا اور این ٹی ڈی سی معاہدہ پر عملدرآمد کرے گی ۔ ایکنک نے 128 میگا واٹ خیال خوار ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 26 ارب 8 کروڑ کی منظوری دی ۔ منصوبہ صوبہ خیبر پختوانخواہ کے ضلع کوہستان میں لگایا جائے گا اور نیشنل گرڈ میں 2.8 کلومیٹر 132 کے وی ٹرانسمیشن لائنز کے ذریعے ملایا جائے گا ۔ ایکنک نے نبی سار سے تھرکول فیلڈ بلاک2 تک وائر کیرئیر منصوبے کی بھی منظوری دی ۔

منصوبے کو حکومت سندھ فنڈنگ کرے گا اور اس مقصد کے لئے اے ڈی پی کے تحت 15 ارب 65 کروڑ خرچ کرے گا ۔ منصوبے کے تحت 35کیوسک پانی تھرکول کے بجلی کے کارخانے تک پہنچایا جائے گا ۔ ایکنک نے 100 ڈیلے ڈیم کے تحت بلوچستان میں کٹکی خاسر ڈیم کی جگہ زرد غلام جان ڈیم کی تبدیلی کی منظوری دی ۔ ایکنک نے ملتان روڈ کے 45 کلومیٹر جلال پور ، پیر والا ، اچ سٹیشن کے لئے نظر ثانی شدہ کاسٹ 4 ارب 67 کروڑ کی منظوری دی آزاد کشمیر میں وادی نیلم میں سڑک کے لئے 17 ارب 58 کروڑ کی منظوری دیدی

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں