حکومت نوجوانوں کو جدید اور پیشہ وارانہ تعلیم مفت فراہم کر رہی ہے،مخدوم عدیل الرحمان

ہفتہ 30 جنوری 2016 14:29

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جنوری۔2016ء) وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیف کوارڈینیٹر مخدوم عدیل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے نوجوانوں کو جدید اور پیشہ وارانہ تعلیم مفت فراہم کر رہی ہے ۔ہفتہ کو یہاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم عدیل الرحمان نے کہا کہ حکومت ملک میں اقتصادی انقلاب کیلئے پڑھے لکھے اور غیر ہنر مند نوجوانوں کو مفت تکنیکی تربیت فراہم کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم تکنیکی تعلیم کے فروغ کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں کیونکہ ہنر مند نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو ملک کو موجودہ اقتصادی مشکلات سے نکال سکتے ہیں۔ مخدوم عدیل الرحمان نے مزید کہا کہ حکومت خواتین کو بھی مالی طور پر خود مختار بنانا چاہتی ہے اور ڈے کیئر ، گارمنٹس کے ای بزنس اور دیگر چھوٹے پیمانے پر گھروں میں کام کرنے والی خواتین کو خصوصی مراعات فراہم کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسی خواتین کاروبار کیلئے مالیاتی سہولیات ملنے کے بعد مردوں کے شانہ بشانہ کام کرسکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان طبقہ قوم کی تقدیر بد ل سکتا ہے تاہم اس کیلئے ان کی تعلیم و تربیت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں اور خواتین کو تعلیم کے ذریعے زیادہ سے زیادہ خود مختار بنانے کیلئے توجہ دے رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں