وفاقی وزیر خزانہ کی متعلقہ حکام کو توانائی کے جاری منصوبوں کو دسمبر2017ء تک مکمل کرنے کی ہدایت

1000میگاواٹ تک بجلی پیدا کرنے والے منصوبے دسمبر 2017تک مکمل کرلئے جائیں گے، وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ

ہفتہ 30 جنوری 2016 20:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ توانائی کے حوالے سے جاری منصوبوں کو دسمبر2017ء تک مکمل کرنے کیلئے ٹائم لائن کی سختی سے پابندی کی جائے، تمام منصوبوں کی کارکردگی کے حوالے سے ریگولر بنیادوں پر آگاہ کیا جائے، وفاقی وزیر خزانہ کو آگاہ کیا گیا کہ 1000میگاواٹ تک بجلی پیدا کرنے والے منصوبے دسمبر 2017تک مکمل کرلئے جائیں گے۔

ہفتہ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں توانائی اور پٹرولیم سیکٹرز میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سی پیک کے تحت جاری توانائی کے منصوبوں کی کارکردگی کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر بجلی و پانی خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزیراعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد اور وزارت خزانہ، پانی و بجلی، نیپرا، پی پی آئی بی اور این ٹی ڈی کے سینئر افسران نے شرکت کی، میٹنگ میں ہائیڈل ، گیس، ونڈ، سولر، کوئلہ اور دیگر توانائی پیدا کرنے والے منصوبوں پر پیش رفت اور کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو ہر منصوبہ کیلئے وسائل کے انتظامات اور منصوبہ مکمل کرنے کیلئے مدت بارے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں توانائی کے منصوبوں کیلئے گیس مہیا کرنے اور منصوبوں کیلئے درکار انفراسٹرکچر قائم کرنے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بجلی اور پٹرولیم کے بڑی تعداد میں منصوبے دسمبر 2017تک مکمل کئے جائیں گے جن سے 1000میگاواٹ بجلی پیدا کر کے قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی اور توانائی کی قلت کا مسئلہ حل کرنے میں مدد دیں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ توانائی کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے ریگولر بنیادوں پر کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں