رینجرز اختیارات میں توسیع ،وفاقی حکومت کے خط کے باجود سندھ حکومت نے جواب نہ دیا

رینجرز اختیارات کی مدت تین فروری کو ختم ہو جائے گی ،اگر سندھ حکومت نے رینجرز اختیارات میں توسیع کی سمری ارسال نہ کی تووفاقی وزارت داخلہ ازخود توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دے گی،ذرائع

اتوار 31 جنوری 2016 15:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 جنوری۔2016ء ) وفاقی حکومت کی طرف سے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کی سمری ارسال کرنے سے متعلق خط لکھنے کے باجود سندھ حکومت نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا، رینجرز کو دیے گئے خصوصی اختیارات کی مدت تین فروری کو ختم ہو جائے گی ،اگر سندھ حکومت نے رینجرز اختیارات میں توسیع کی سمری ارسال نہ کی تووفاقی وزارت داخلہ ازخود توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دے گی۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع کے مطابق وفاقی وزرات داخلہ نے کراچی میں رینجرز کو خصوصی اختیارات کی مدت میں مزید توسیع کے لئے صوبائی محکمہ داخلہ پانچ روز قبل خط ارسال کیا تھا لیکن تاحال صوبائی محکمہ داخلہ نے رینجرز اختیارات میں توسیع کی سمری ارسال کی نہ وزارت داخلہ کے خط کا جواب دیا ، ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے اس بات کا فیصلہ کر لیا ہے کہ اگر سندھ حکومت کی طرف رینجرز اختیارات میں توسیع کی ریکو زیشن نہ آئی تو وفا ق ازخود رینجرز اختیارات میں توسیع کر دے گا اور وزیر اعظم کی منظوری سے رینجرز اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا، واضح رہے کہ رینجرز کے خصوصی اختیارات میں چھ دسمبر 2015 سے دو ماہ کی توسیع کی گئی تھی جو تین فروری کو ختم ہو جائے گی اس لئے وزارت داخلہ تین فروری تک توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں