سیف گیمز:پاکستان سپورٹس بورڈ نے خواتین ٹیموں کیلئے مرد مساجر لے جانیکا فیصلہ کرلیا

پیر 1 فروری 2016 13:16

سیف گیمز:پاکستان سپورٹس بورڈ نے خواتین ٹیموں کیلئے مرد مساجر لے جانیکا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم فروری۔2016ء) بھارت میں سیف گیمز میں جانے والی خواتین ٹیموں کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ نے ”مرد مساجر“ ساتھ لے جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ درجنوں خواتین کھلاڑیوں کا جانے سے انکار جبکہ پی سی بی نے ایک درجن کے قریب مالش افراد کے ویزے لگوانے کیلئے پاسپورٹ بھی طلب کرلیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر گوہاٹی میں منعقد ہونے والی سیف گیمز میں پاکستان کی طرف سے شرکت کرنے والی خواتین ٹیموں کے ساتھ خواتین مساجر کی جگہ مرد مساجر کو ساتھ لے کر جایا جارہا ہے جس پر خواتین کھلاڑیوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ نے خواتین مساجر موجود ہونے کے باوجود بھارت میں منعقد ہونے والی سیف گیمز میں خواتین کھلاڑیوں کے لئے مرد مساجر کو ساتھ لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکتان اولمپک ایسوسی ایشن نے اپنے منظور نظر لوگوں کو نوازنے کیلئے بھارت میں ہونے والی سیف گیمز میں شرکت کرنے والی خواتین کے ساتھ میڈیکل آفیشل میں خواتین کی جگہ مردوں کو شامل کیا ہے۔

جس پر خواتین کھلاڑیوں نے پی سی بی اور پاکستان اولمپک کے اعلیٰ حکام کو اپنے تہفظات اور شکایات سے آگاہ کیا مگر اس پر کوئی توجہ نہ دی گئی اور جان بوجھ کر خواتین سکوڈ کے ساتھ مرد مساجر کو شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس طرح پہلی دفعہ نہیں ہوا ہے اس سے پہلے بھی پاکستان سپورٹس بورڈ نے انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کرنے والی خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ خواتین مساجر کی جگہ مرد مساجر کو شامل کیا ہے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کے اعلیٰ حکام نے خواتین کی شکایات اور تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت میں ہونے والی سیف گیمز میں خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ مرد مساجر کو شامل کیا ہے اس حوالے سے ایک درجن کے قریب مرد مساجر کے ویزے لگوانے کیلئے پاسپورٹ طلب کرلئے گئے ہیں۔ سیف گیمز میں شرکت کیلئے پاکستان کی کھلاڑیوں کا پہلا دستہ منگل کو بھارت روانہ ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں