ملک کے کونے کونے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا‘ بچوں کو سکول جانے سے خوفزدہ کرنے والوں کو شکست دیں گے‘ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی عزم غیر متزلزل ہے‘ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد سب کے لئے ضروری ہے،دہشت گردی کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیاں قابل ستائش ہیں

وزیراعظم نواز شریف کااعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

پیر 1 فروری 2016 16:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم فروری۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے آپریشن ضرب عضب میں حاصل کامیابیوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے کونے کونے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا‘ بچوں کو سکول جانے سے خوفزدہ کرنے والوں کو شکست دیں گے‘ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی عزم غیر متزلزل ہے‘ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد سب کے لئے ضروری ہے۔

وہ پیر کو اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان‘ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر‘ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور ناصر خان جنجوعہ سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل پر عمل درآمد سے متعلق پیش رفت اور سانحہ چارسدہ کی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو نیشنل ایکشن پلان کے مختلف مراحل پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر بھرپور عمل درآمد سب کے لئے ضروری ہے‘ دہشت گردی کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیاں قابل ستائش ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا ملک کے کونے کونے سے خاتمہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی عزم غیر متزلزل ہے اور بچوں کو سکول جانے سے خوفزدہ کرنے والوں کو ہر صورت شکست دیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں